میلسی(نامہ نگار)تحریک انصاف کے اہم عہدیداروں اور اراکین اسمبلی میں دوریاں بڑھ گئیں ، اہم عہدیدار اراکین اسمبلی کی کارکردگی سے مایوس ہو کر دلبرداشتہ ہونے لگے گذشتہ روز ہونے والے ورکرز کنونشن میں کارکنوں اور عہدیداروں نے صوبائی وزیر اور ایم این اے کی موجودگی میں شکایات کے انبار لگا دئے موجودہ حکومت کے تقریباً سوا 2 سال مکمل ہو چکے ہیں لیکن تا حال میلسی شہر اور دیگر علاقوں کیلئے کوئی قابل ذکر میگا پراجیکٹ حاصل نہیں کیا جا سکا اور نہ ہی کارکنوں اور گروپ سے وابستہ افراد کے انفرادی مسائل حل ہو سکے جس سے قیادت اور کارکنوں میں دوریاں پیدا ہو چکی ہیں۔ گزشتہ روز صوبائی وزیر جہانزیب خان کھچی اور ایم این اے اورنگزیب خان کھچی کی اقامت گاہ پر ورکرز کا کنونشن منعقد کیا گیا جس میں مقررین نے بھی اراکین اسمبلی کے عدم رابطے اور سرکاری اداروں میں شنوائی نہ ہونے کی شکایات کے انبار لگا دیئے اس صورتحال پر صوبائی وزیر اور ایم این اے نے کارکنوں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی شکایات کا جلد ازالہ کیا جائیگا ۔