گھر آئے ہوئے جرگے کو کوئی رد نہیں کرسکتا، سردارحسین بابک

Nov 11, 2020

پشاور(بیورورپورٹ) زرعی یونیورسٹی پشاورمیں انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کی جانب سے پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن (پی ایس ایف) کے صدر  اچکزئی پر بہیمانہ تشدد بارے دوسرا مصالحتی جرگہ باچاخان مرکز پشاور میں ہوا۔ حکومتی وفد نے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش کی سربراہی میں باچاخان مرکز پشاور کا دورہ کیا ۔ ان کے ہمراہ سابق ضلعی ناظم پشاور عاصم خان بھی موجود تھے۔ اے این پی کے صوبائی سینئر نائب صدر خوشدل خان، صوبائی جنرل سیکرٹری سردارحسین بابک اور صوبائی ترجمان ثمرہارون بلور سمیت دیگر نے وفد کا استقبال کیا۔ وفد سے گفتگو کے دوران اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردارحسین بابک کا کہنا تھا کہ ہم باچاخان کے عدم تشدد کے فلسفے کے پیروکار ہیں، گھر آئے ہوئے جرگے کو کوئی رد نہیں کرسکتا، پارٹی و تنظیمی رہنمائوں سے بات چیت کے بعد ہی فیصلہ ہوگا۔عدم تشدد ہماری طاقت ہے، ہم ہر شکل میں تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔ دونوں وفود نے امید ظاہر کی کہ تیسرا جرگہ بھی جلدہوگا اور رہنمائوں سے گفتگو کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کیا جائیگا۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے طلبہ ونگ آئی ایس ایف نے زرعی یونیورسٹی میں پی ایس ایف کے صدر اچک خان اچکزئی پر بہیمانہ تشدد کیا تھا جس کے بعد وہ کئی روز تک ہسپتال میں بے ہوش اور زیرعلاج رہے۔

مزیدخبریں