میرپور(نمائندہ خصوصی)غیر جریدہ ملازمین منگلا ڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی میرپور کی علامتی ہڑتال سیاہ پٹیاں باندھ کر دوسرے روزبھی جاری رہی ۔ جس میں اظہار یکجہتی کے طور پر سٹی جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں وکشمیر راجہ ذوالفقار احمد ذولفی اور سینئر راہنما پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں وکشمیر بشیر چوہان نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ملازمین کے دیرینہ مسئلہ کے حل کیلئے حکومتی ایوانوں اور ارباب اختیار کو اس بارہ میں ذمہ دارانہ وسنجیدہ کردار ادا کرنے پر زور دیا ۔ بصورت دیگر بگڑتے ہوئے تمام تر حالات کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ اور حکومت وقت پر ہو گی ۔ طویل عرصہ گزرجانے کے باوجود تاحال ملازمین کو مستقل/نارمل میزانیہ پر منتقل نہ کرنا موجودہ و سابق حکمرانوں کی نااہلی اور میرپور دشمنی کا واضح ثبوت ہے ۔ متاثرین منگلا ڈیم اپنے حق کیلئے ہر محاذ ر ڈٹے رہنے کیلئے پرعزم ہیں اور اپنے ملازمین بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں آئندہ کیلئے قلم چھوڑ ہڑتال کا دائرہ کار کو بڑھایا بھی جا سکتا ہے ۔ لہذا تمام ملازمین منگلا ڈیم ہاوسنگ اتھارٹی کی اپیل ہے کہ حکام بالا ، اعلیٰ حکومتی سطح پر ان کی مستقلی کے حوالہ سے عملدر آمد کو یقینی بنائیں تاکہ ملازمین نارمل میزانیہ کے تحت مستقل ہو سکیں اور ملازمین کا دیرینہ مسئلہ حل ہو سکے ۔
غیر جریدہ ملازمین منگلا ہاؤسنگ اتھارٹی میرپور کی علامتی ہڑتال
Nov 11, 2020