ماپوتو(این این آئی)افریقی ملک موزمبیق کے شمالی صوبے کابو ڈیلگاڈو میں شدت پسندوں نے 50 سے زائدافراد کا سر قلم کردیاہے۔ جنگجو 2017 سے ہی اس صوبے میں اس طرح کے وحشیانہ حملے کررہے ہیں۔موزمبیق کی سرکاری میڈیا اور پولیس نے بتایا کہ اسلامی شدت پسندوں نے شمالی موزمبیق کے کابوڈیلگاڈو صوبے میں پیر کے روز کئی گاوں پر حملے کردیے اور 50 سے زیادہ لوگوں کا سر قلم کردیا۔ایک پولیس افسر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا انہوں نے مکانات کو آگ لگادی اورجب لوگ اپنی جان بچانے کے لیے جنگلوں اور جھاڑیوں میں چھپ گئے تھے تو انہیں تلاش کرکے قتل کرنا شروع کردیا۔ عینی شاہدین نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ جنگجوئوں نے ایک گاوں کے رہائشیوں کو گھروں سے نکال کر فٹ بال کے ایک میدان میں جمع کیا اور پھر ان سب کو وہیں قتل کردیا۔کابو ڈیلگاڈو گذشتہ تقریبا تین برسوں سے بغاوت کی آگ میں جل رہا ہے۔اپریل میں جنگجووں نے 50 سے زائد نوجوانوں کو اس وقت ہلاک اور ان کا سر قلم کردیا تھا جب ان نوجوانوں نے مبینہ طورپر دہشت گر د گروپ میں شامل ہونے سے انکار کردیا تھا۔
موزمبیق میں شدت پسندوں نے 50 افراد کا سرقلم کردیا
Nov 11, 2020