کراچی (نیوزرپورٹر)پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی میں شمولیتوں کا سلسلہ جاری ہے، ہر دن گزرنے کے ساتھ ساتھ پی ایس پی کے ساتھ جڑنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ وزیراعظم اور وزرا اعلی والی پارٹیوں کو چھوڑ کر لوگ ہمارے ساتھ شامل ہو رہے ہیں، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ موجودہ حکمرانوں سے ناامید ہو چکے ہیں۔ جنہیں ملک کے حالات بہتر کرنے ہیں، انکے لئے پاک سرزمین پارٹی ہی واحد آپشن ہے، یہ ملک اس نظام کے تحت مزید نہیں چل سکتا، تمام جماعتوں کو بیٹھ کر گرینڈ جرگہ کرنا ہو گا، اصول طے کرکہ فیصلے کرنے ہونگے، تمام سیاستدانوں اور اداروں کو بیٹھ کر 20 سال کا لائحہ عمل طے کرنا ہوگا، ادارے وزیراعظم کو گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کے لیے آمادہ کریں۔جنرل قمر جاوید باجوہ سے کہتا ہوں کہ عوام کی امیدیں حکومت اور اپوزیشن سے ختم ہو چکی تھیں، آپ کراچی آئے دو دن ٹھرے لیکن اگر اب بھی حالات وہی رہے تو لوگ آپ سے مایوس ہونگے۔ کراچی کو پیکج نہیں اسکا حق چاہیے۔ کراچی چلتا ہے تو پاکستان چلتا ہے۔ پیپلز پارٹی کے چئیر مین بلاول زرداری کو کیپٹن صفدر کے ساتھ ہونے والے واقعے کا بہت دکھ ہوا اور آرمی چیف سے انکوائری کا مطالبہ کیا۔ ہم پوچھتے ہیں کہ بلاول زرداری نے سندھ کے دارالخلافہ کراچی کے 70 لاکھ لوگوں کو کم گننے پر ایک مرتبہ بھی غصہ نہیں کیا کیونکہ اگر کراچی کی گنتی پوری ہوگئی تو پیپلز پارٹی کو عوام کی خدمت کرے بغیر اقتدار نہیں ملے گا، انہیں مجبورا عوام کے لیے کام کرنا ہوگا۔ ان خیالات اظہار انہوں نے پاکستان ہاس میں پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے افراد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی اور اراکینِ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل بھی ہمراہ موجود تھے۔
لوگ موجودہ حکمرانوں سے ناامید ہوچکے ہیں: مصطفی کمال
Nov 11, 2020