تیلدار اجناس کی کاشتکے فروغ کیلئے پیداواری مقابلے کرانے کا فیصلہ

Nov 11, 2020

ملتان (خبرنگارخصوصی)محکمہ زراعت پنجاب کا تیلدار اجناس کی کاشت کو فروغ دینے کیلئے پیداواری مقابلہ جات منعقد کرانے کا فیصلہ۔وزیر اعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت 300ارب روپے کے تاریخی منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے۔اس پیکج کے تحت پنجاب میں 2020-21 میں پیداواری اہداف کے حصول کیلئے 68کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ ملتان، خانیوال، لودھراں، وہاڑی، بہاولنگر،بہاولپور،مظفر گڑھ،بھکر،ٹوبہ ٹیک سنگھ،فیصل آباد،جھنگ،میانوالی،اوکاڑہ اور سرگودھا کے اضلاع کے کاشتکار اس مقابلہ میں شمولیت کیلئے 10 دسمبر تک درخواستیں متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع کے دفتر میں جمع کراسکتے ہیں۔ 3 یا 3 ایکڑ سے زیادہ قابل کاشت زرعی اراضی کے مالک مرد و خواتین کاشتکار درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ مشترکہ کھاتہ رکھنے والے کاشتکار بھی اہل ہیں نیز مزارعین / ٹھیکیدار بھی دستاویزات کی تحصیل کمیٹی سے تصدیق کرانے کے بعد درخواست دے سکتے ہیں۔ پیداواری مقابلہ میں حصہ لینے کیلئے کینولہ کے کاشتکار 3 ایکڑ متصل فصل کینولہ جس میں کوئی بھی منظور و تصدیق شدہ قسم کاشت کی گئی ہو مقابلہ کیلئے پیش کرسکتے ہیں۔ مقابلہ میں حصہ لینے کیلئے شرائط درخواست فارم متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹرز اور ڈویڑنل ڈائریکٹر کے دفتر سے مفت حاصل کیے جاسکتے ہیں یا محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹ www.agripunjab.gov.pk سے ڈاؤن لوڈ کیے جاسکتے ہیں۔ فارم کی فوٹو کاپی بھی قابل قبول ہوگی۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹرز، ان کے فیملی ممبرز اور گریڈ 17 اور اوپر کے سرکاری ملازمین درخواست دینے کے اہل نہ ہوں گے جبکہ محکمہ مال اور محکمہ زراعت پنجاب کے ملازمین بھی اس مقابلہ میں حصہ لینے کیلئے اہل نہیں ہوں گے۔ ان کے علاوہ ترقی پسند کسان جو ضلعی یا ڈویژنل کمیٹی کے ارکان مقرر ہوں گے وہ بھی اس مقابلہ میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہوں گے۔ پیداواری مقابلہ صوبائی سطح پر بھی منعقد ہوگا

مزیدخبریں