ای سی او کے ملکوں کے ممتاز دانشوروں کا شاعر مشرق علامہ اقبال کو خراج عقیدت 

اسلام آباد ( جاویدصدیق) اقتصادی تعاون تنظیم ای سی او کے ملکوں کے ممتاز دانشوروں نے شاعر مشرق علامہ اقبال کو تہران میں منعقدہ ان کی سالگرہ کی تقریب میں خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب کا اہتمام پاکستانی سفارتخانہ اور ای سی او کلچرل انسٹی ٹیوٹ نے کیا تھا۔ تاجکستان سے تعلق رکھنے والے دانشور سرور بختی نے اقبال کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقبال کی شاعری اور فلسفہ مخصوص عہد کیلئے نہیں تھا۔ اقبال نے مسلمانوں کو بالخصوص اور دنیا کو بالعموم ایک ابدی پیغام دیا۔ پاکستان کے سفارتخانہ کے ناظم الامور انصر زیدی نے کہا کہ علامہ اقبال کو فارسی زبان سے گہرا لگائو تھا، ان کی فارسی شاعری ادب کا عظیم شاہکار ہے۔ تقریب میں علامہ اقبال کے پوتے سینیٹر ڈاکٹر ولید اقبال نے بھی اظہار خیال کیا۔ انھوں نے کہا کہ اقبال نے اپنی شاعری اور فکر میں ایک مثالی معاشرے کا تصور دیا تھا، اقبال نے جہاں خودی کی فکر دی وہیں انھوں نے ایک آئیڈیل معاشرے کی تشکیل کیلئے بھی سوچ عطا کی۔ ولید اقبال نے کہا کہ ان کے دادا شاعر مشرق نے مسلمانوں کی نشاطِ ثانیہ کا خواب دیکھا اور پوری زندگی اس کی تکمیل کیلئے جدوجہد کی۔ افغانستان کے ڈائریکٹر آف نیشنل آرکائیوز محمد افسر راہ بین نے بھی اقبال کو بھی خراج تحسین پیش کیا ، علامہ اقبال ای سی او ملکوں میں اقبالِ لاہوری کے نام سے جانے جاتے ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن