استور+اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ ‘وقائع نگار خصوصی) مریم نواز نے کہا ہے کہ پورے ملک میں "گو نیازی گو" کا نعرہ لگ چکا۔ حکمران جس طرح آئے ہیں اسی طرح جائیں گے۔ سیاسی مخالفین سن لیں، سلیکٹر صرف عوام ہیں۔ حکومت نے گلگت بلتستان الیکشن میں دھاندلی کی کوشش کی تو عوام نہیں چھوڑیں گے۔ استور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ گلگت بلتستان شیروں کی دھرتی ہے، گیدڑ صرف وعدے کرتے ہیں شیر نبھاتے ہیں۔ ہم وعدے کرنا اور ان کو نبھانا جانتے ہیں۔ گلگت بلتستان کے لوگوں کو فور جی انٹرنیٹ ملنا چاہئے۔ چاہتی ہوں یونیورسٹی اور کالجز میں پڑھنے والی مقامی خواتین کو مفت لیپ ٹاپس دیئے جائیں۔ عمران خان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ جس طرح آئے ہیں اسی طرح چلے جائیں گے۔ انہوں نے ایک والد کے سامنے اس کی بیٹی کو گرفتار کیا۔ مجھے حق کی آواز اٹھانے پر حراست میں لیا گیا۔ شیروں کی سرزمین پر کوئی گیدڑ حکومت نہیں کر سکتا۔ انسان حکومت اپنی عزت کیلئے کرتا ہے۔ ذلت کی حکومت سے عزت کی موت اچھی ہے۔ پورا پاکستان اس جعلی حکومت کو بددعائیں دے رہا ہے۔ جس حکومت کو کونے کونے سے بددعائیں مل رہی ہوں کیا انہیں ووٹ دیں گے۔ دواؤں کی قیمت میں 600 فیصد اضافہ ہو گیا۔ اب مرنا بھی آسان نہیں۔ پنجاب، سندھ، کے پی اور بلوچستان کے عوام رو رہے ہیں۔ نوازشریف نے پاکستان سے دہشت گردی اور مہنگائی کا خاتمہ کیا۔ ان کو گھروں تک پہنچا کر آئیں گے۔ گلگت بلتستان کے عوام نے بے پناہ عزت دی‘ لاہور واپس جانے کو دل نہیں کر رہا۔ عوام کے سوا کوئی اور سلیکٹر نہیں۔ کیا عوام ایسے لوگوں کو ووٹ دیں گے جو نہ خواتین کا احترام کرتے ہیں اور نہ انسان کا۔ ایسی حکومت سے پناہ مانگنی چاہئے۔ 2018ء الگ وقت تھا۔ اس وقت دھاندلی کر لی گئی۔ گلگت بلتستان میں دھاندلی کی گنجائش نہیں۔ اب تمہارا پیچھا نہیں چھوڑوں گی۔
جعلی حکمرانوں کو پورا ملک بددعائیں دے رہا ہے، عمران جیسے آئے ویسے جائیں گے: مریم نواز
Nov 11, 2020