ہفتہ شان رحمت ا للعالمین کا پرسوں سے آغاز، رہزنوں کو ٹولہ اپوزیشن کی چھتری تلے ایک ، عوام کو گمراہ نہیں کرسکتا: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت  ہفتہ شان رحمت للعالمینؐ کے انعقاد کے سلسلے میں خصوصی اجلاس ہوا۔ عثمان بزدار نے ہفتہ شان رحمت للعالمینؐ کو تزک و احتشام سے منانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہفتہ شان رحمت للعالمینؐ کا آغاز جمعۃالمبارک 13 نومبر سے ہوگا۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس کو بیان کرنے کیلئے صوبائی، ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پرتقریبات ہوں گی۔ الحمرا اوپن ایئر کلچرل کمپلیکس قذافی سٹیڈیم میں محفل نعت اور محفل سماع کا اہتمام کیا جائے گا جس میں ملک کے نامور نعت خواں اور قوال شرکت کریں گے جبکہ باغ جناح میں کیلی گرافی نمائش کا انعقاد کیا جائے گا۔ خواتین کیلئے علیحدہ محفل میلاد کا اہتمام کیا جائے گا۔ محکمہ اوقاف کے زیراہتمام عالمی مشائخ و علماء کنونشن کا انعقاد ہوگا۔ عالمی شہرت کے حامل مشائخ و علماء بھی شریک ہوں گے۔ عالمی قرأت کانفرنس کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ 50 کروڑ روپے کے فنڈ سے رحمت للعالمینؐ سکالرشپ قائم کر دیا گیا ہے۔ ہر ڈویژن کی یونیورسٹی میں رحمت للعالمینؐ چیئر قائم کی جائے گی۔ رحمت للعالمینؐ کی شان بیان کرنا ہمارے ایمان کاحصہ ہے اور ہفتہ شان رحمت للعالمینؐ منا کر دنیا کو نبی کریمؐ سے محبت اور عقیدت سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں۔ سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وباء کی دوسری لہر پر قابو پانے کیلئے حکومت سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے اور کرونا کا خاتمہ عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں احتیاطتی تدابیر کے ذریعے کرونا میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ سردار عثمان بزدار سے  وفاقی وزیر صاحبزادہ محبوب سلطان، رکن قومی اسمبلی رضا نصر اللہ، اراکین پنجاب اسمبلی سمیع اللہ چودھری، شیر اکبر خان اور رانا شہباز احمد نے ملاقات کی۔ منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ خدمت کے سفر کے سامنے انتشار کی سیاست کی کوئی حیثیت نہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کے رہنمائوں کے پاس کوئی ایجنڈ ا ہے نہ کوئی پروگرام۔ عوام کی کمائی لوٹنے والے نئے روپ دھار کر پھر میدا ن میں آئے ہوئے ہیں۔ محب وطن عوام چور ٹولے کے جھانسے میں اب نہیں آئیں گے۔ پی ڈی ایم کے افراتفری پھیلانے کے مذموم عزائم کبھی پورے نہیں ہوں گے۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے عام آدمی کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے اپنے دور میں کھوکھلے نعرے لگائے۔ اپوزیشن نے ہر موقع پر عوام کو گمراہ کرنے کیلئے سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی کوشش کی۔ عوام کامسترد شدہ ٹولہ ہمیشہ کے لئے سیاست سے آئوٹ ہوچکا ہے۔ عمران  نے موروثی سیاست کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے عام آدمی کو سر اٹھا کر جینا سکھایا ہے اور ان کی قیادت میں فیصلے ملک و قوم کے مفاد میں کئے گئے ہیں۔ رہزنوں کا ٹولہ اپوزیشن اتحاد کی چھتری تلے اکٹھا ہوا ہے اور یہ چور ٹولہ عوام کو گمراہ نہیں کرسکتا اور یہ دوستی مفادات کے گرد گھومتی ہے۔ عثمان بزدار نے یزمان میں خاتون پر تشدد اور ٹانگ کاٹنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ای پیپر دی نیشن