اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آئی ایس پی آر نے بتایا ہے واقعہ کراچی کے پس منظر میں آئی جی سندھ کی شکایات کے ازالے کیلئے چیف آف آرمی سٹاف کے حکم کے تحت قائم کورٹ آف انکوائری مکمل ہو چکی ہے جس کی سفارشات کی روشنی میں، اس واقعہ میں ملوث آئی ایس آئی سیکٹر ہیڈ کوارٹرز اور سندھ رینجرز کے افسروں کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔ جبکہ ضابطہ کی خلاف ورزی پر ان افسران کے خلاف مزید کارروائی جنرل ہیڈ کوارٹرز میں عمل میں لائی جائے گی۔ آئی ایس پی آر کی طرف سے اس ضمن میں جاری کئے گئے مفصل بیان میں بتایا گیا ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف کے حکم پر آئی جی سندھ کی شکایات کے حوالے سے فوج کی کورٹ آف انکوائری مکمل ہوگئی ہے۔ کورٹ آف انکوائری کی تحقیقات کے مطابق18 اور 19 اکتوبر کی درمیانی شب پاکستان رینجرز سندھ اور سیکٹر ہیڈ کوارٹرز آئی ایس آئی کراچی کے افسران مزار قائد کی بے حرمتی کے نتیجے میں پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے میں مصروف تھے۔ ان افسران پر بڑھتا ہوا عوامی دبائو تھا کہ اس معاملہ میں قانون کے مطابق فوری کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ ان افسران نے شدید عوامی رد عمل اور تیزی سے بدلتی ہوئی کشیدہ صورتحال کے مد نظر سندھ پولیس کے طرز عمل کو اپنی دانست میں ناکافی اور سست روی کا شکار پایا۔ ان حالات میں مذکورہ افسران نے قدرے زیادہ جوش و خروش سے کارروائی کا فیصلہ کیا۔ یہ افسران یقیناً اتنے تجربہ کار تھے کہ وہ اس صورتحال میں زیادہ ہوش مندی کے ساتھ کارروائی کرتے تاکہ اس ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکتا جس سے ریاست کے دو اداروں میں غلط فہمیاں پیدا ہوئیں۔ بیان میں بتایا گیا کہ کورٹ آف انکوائری کی سفارشات کی روشنی میں متعلقہ افسران کو ان کی موجودہ ذمہ داریوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی واضح کیا گیا کہ ضابطہ کی خلاف ورزی پر ان آفیسرز کے خلاف کارروائی جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں عمل میں لائی جائے گی۔
اسلا م آباد+ نگر ( وقائع نگار خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خوشخبری ملی ہے کہ کراچی واقعہ پر انکوائری مکمل ہوئی اور ایکشن بھی لیا گیا۔ ہمیں انکوائری اور ایکشن پر مبنی اقدام کا خیر مقدم کرنا چاہئے۔ اس قسم کے اقدام سے اداروں کی ساکھ بہتر ہوتی ہے۔ جمہوری طریقہ یہی ہے کہ غلطی پر تحقیقات ہو اور ایکشن لیا جائے۔ امید ہے اس شروعات کو آگے لیکر چلیں گے۔ جمہوریت اور پاکستان کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ اسلام آباد سے وقائع نگار خصوصی کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے کراچی واقعہ کی انکوائری کے حوالے سے آئی ایس پی آر کی پیش رفت کو جمہوری قوتوں کی فتح قرار دیدیا ہے۔ منگل کو آئی ایس پی آر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان پی ڈی ایم میاں افتخار حسین نے کہا کہ آئی ایس پی آر کی طرف سے سندھ انکوائری کے حوالے سے جو پیش رفت ہوئی ہے یہ جمہوری قوتو ں کی فتح ہے۔ پی ڈی ایم نے انکوائری کو نتیجہ خیز بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔ اچھا ہوا کہ اس ضمن میں پیشرفت ہوئی۔ اب ذمہ داران کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ پی ڈی ایم اس سلسلے میں مزید مشاورت کریگی۔
کراچی واقعہ: آرمی چیف کے حکم پر انکوائری ، ملوث افسروں کو ہٹا دیا، کاروائی ہوگی: آئی ایس پی آر، فیصلہ خوش آئند ، بلاول
Nov 11, 2020