لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے پاکستان میں ارجنٹائن کے سفیر لیپولڈو فرانسسکو ساہورس نے ملاقات کی۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات، زراعت، دواسازی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبوں میں تعاون کے فروغ سمیت دیگر ایشوز پر بات چیت کی گئی۔ جبکہ ارجنٹائن کے سفیر نے خطے میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستانی کردار کو سراہا۔ ملاقات کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان اور ارجنٹائن کے مابین 70 سال میں دوطرفہ تعلقات وسعت پذیر ہوئے جو باہمی اعتماد، احترام اور تعاون کا مظہر ہیں۔ اْنہوں نے کہا کہ پاکستان اور ارجنٹینا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ادارہ جاتی میکانزم کا کردار انتہائی اہم ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کیلئے مشترکہ کمیشن موجود ہے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ دونوں ممالک کے در میان مشترکہ کاروباری کونسل بھی بزنس ٹو بزنس انٹریکشن بڑھانے کے لیے قائم کی گئی ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت باقاعدگی سے ہوتی ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ پاکستانی پارلیمان میں پاکستان، ارجنٹائن فرینڈشپ گروپس کی موجودگی دوطرفہ پارلیمانی تعلقات کے استحکام کی علامت ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری حکومت غیر ملکی سر مایہ کاروں کوپاکستان میں سکیورٹی سمیت تمام سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔
گورنر/ سفیر ملاقات