سینٹ‘ 9 نومبر کو قومی تعطیل سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) سینٹ نے شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش 9نومبر کو قومی تعطیل قرار دینے سے متعلق قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی۔ بدھ کو ایوان بالا کے اجلاس میں اس سلسلے میں مسلم لیگ ق کے سینیٹر  کامل علی آغا نے قرارداد پیش کی ۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر علامہ  محمد اقبال نے قیام پاکستان کا تصور پیش کیا تھا اور تخلیق پاکستان کے لئے انہوں نے قائداعظم کے ساتھ مل کر جدوجہد کی۔ موجودہ حکومت  ان کے یوم پیدائش 9نومبر کو قومی تعطیل کا دن قرار دے۔ ایوان نے اتفاق رائے سے قرارداد کی منظوری دے دی۔ چیئرمین سینٹ نے ہدایت کی کہ قرارداد کا متن وزیراعظم سیکرٹریٹ  اور کابینہ سیکرٹریٹ کو بھجوایا جائے۔ ایوان بالا کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں کرایہ داروں کی تفصیلات نہ جمع کرانے والے مکان مالکان کے خلاف 27 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ وزارت اطلاعات اور اس سے منسلکہ محکموں کی سالانہ کارکردگی 2018-19 اور 2019-20 وزارت کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دی گئی ہیں۔ بدھ کو وقفہ سوالات کے دوران ، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے بتایا  کہ خواتین کو کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کے اجرا کے لئے مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ علی محمد خان نے کہاکہ دہشتگردوں کے اڈے ختم کرنے میں وقت لگے گا۔ دہشتگرد حملے کم ہوئے ہیں۔ اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ کے مسائل کو حل کررہے ہیں۔  8ہزار چالان کئے ہیں ان کے ساتھ 69لاکھ جرمانے کئے ہیں۔ مشتاق احمد نے سوال کیا کہ مرد اور خواتین کے شناختی کارڈ بنانے میں ایک کروڑ کا فرق ہے خواتین کا گیپ کب تک ختم ہوجائے گا۔ چیئرمین سینٹ نے کہا ہے کہ چار سال میں پہلی مرتبہ سینٹ کے اجلاس کا وقت تبدیل ہوا ہے، اس پر معذرت خواہ ہوں۔ بدھ کو ایوان بالا کے اجلاس میں قائد حزب اختلاف سید یوسف رضا گیلانی کے نکتہ اعتراض کے جواب میں ریمارکس دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینٹ کے طور پر ان کی مدت کے دوران چار سال میں پہلی بار ایوان کے اجلاس کا وقت تبدیل کیا گیا ہے، ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا اس پر وہ معذرت خواہ ہیں۔ قبل ازیں قائد حزب اختلاف سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اجلاس میں تاخیر کرنے کی بجائے ڈپٹی چیئرمین یا پینل آف پریذائیڈنگ آفیسرز کے ارکان اگر اجلاس شروع کر دیتے تو اس میں کوئی ہرج نہیں تھا۔

ای پیپر دی نیشن