ڈینگی ،8مزید مریض جاں بحق، پنجاب میں 501نئے کیسز رپورٹ: صور تحال بگڑنے لگی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں ڈینگی کے حملے جاری ہیں۔ لاہور سب سے زیادہ متاثرہے، مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، ادھر خیبرپی کے اور اسلام آباد میں بھی ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔پنجاب میں ڈینگی کے مزید 501 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 6 اموات کے بعد صوبے میں ڈینگی سے مجموعی اموات کی تعداد 81 ہوگئی۔ پنجاب میں ڈینگی کے مجموعی کیسز کی تعداد 19 ہزار 595 ہوگئی۔ لاہور میں ڈینگی کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 14 ہزار 525 ہے۔اسلام آباد میں ڈینگی کے وار جاری ہیں، مزید 19 مریض سامنے آئے، ڈینگی کے مجموعی کیسز کی تعداد 4 ہزار 190 ہوگئی۔ ڈینگی سے مزید 2 افراد جان کی بازی ہار گئے، مجموعی اموات کی تعداد 19 ہوگئی۔ اسلام آباد کے شہری علاقوں میں ڈینگی کے 1 ہزار 7 سو 87 مریض ہیں۔خیبرپی کے میں بھی ڈینگی سے صورتحال بگڑنے لگی، مزید 237 کیس رپورٹ ہوئے، صوبے میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 8 ہزار 630 ہوگئی، پشاور سب سے زیادہ متاثرہے، مریضوں کی تعداد 4 ہزار 198 ہے۔ صوبے میں اب تک 9 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ دریں اثناء محکمہ پولیس کا ہیڈ کانسٹیبل ڈینگی کی وجہ سے جاں بحق ہو گیا ہے۔ متوفی  ہیڈ کانسٹیبل ارشد سی سی پی اولاہور دفتر میں تعینات تھا اور وہ ڈینگی کا شکار ہونے پر گزشتہ تین روز سے ہسپتال میں زیر علاج تھا، جہاں وہ گزشتہ روز دم توڑ گیا ہے۔ ہیڈ کانسٹیبل محمد ارشد کی نماز جنازہ گزشتہ روزگجومتہ قبرستان میں ادا کردی گئی ہے۔ نماز جنازہ میںسی سی پی او لاہور فیاض احمد دیو، ایس ایس پی ایڈمن مبشر میکن، ایس پی ہیڈکوارٹرز اور دیگر سینئر افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔ 43 سالہ محمد ارشد نے 1999 میں بطور کانسٹیبل محکمہ پولیس میں شمولیت اختیار کی۔ ہیڈ کانسٹیبل کے سوگواران میں بیوہ، 3 بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے۔

ای پیپر دی نیشن