لاہور (اپنے نامہ نگار سے) سیشن کورٹ میں حکومت کا تحریک لبیک پاکستان سے معاہدے کی خلاف ورزی اور احتجاج پر فائرنگ کیس کی سماعت بغیر کارروائی 20 نومبر تک ملتوی ہوگئی۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر مذہبی امور نور الحق قادری اور سابق آئی جی پنجاب انعام غنی سمیت دیگر کے خلاف عدالت نے آئندہ سماعت پر دوبارہ استغاثہ کو بیان ریکارڈ کرانے کا حکم دے دیا ہے۔ تحریک لبیک پاکستان کے زخمی کارکن محمد اکرم نے حکومت کے خلاف درخواست میں موقف اختیار کیا شیخ رشید احمد اور وزیر مذہبی امور معاہدے سے منحرف ہو گئے۔ 13 اپریل پرامن احتجاج پر آنسو گیس، لاٹھی چارج اور فائرنگ کی گئی، فائرنگ سے متعدد شہادتیں ہوئیں جبکہ درخواست گزار شدید زخمی ہوا۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی عدالت قانون کے مطابق ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں قرار واقعی سزا دے۔