لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن کو پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی جانب سے قرآن پاک کا انگریزی ترجمہ تحفے میں دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک دن میں اپنے کمرے میں تھا کہ دروازے پر دستک ہوئی، جب میں نے دروازہ کھولا تو سامنے رضوان کھڑا تھا جس کے ہاتھ میں قران پاک تھا، وہ لمحہ انتہائی خوبصورت تھا جسے میں کبھی نہیں بھلا سکوں گا۔ میں اور رضوان آدھے گھنٹے تک زمین پر بیٹھے رہے اور آپس میں گفتگو کرتے رہے، اب میں قرآن شریف کا ترجمہ روز پڑھ رہا ہوں۔ میتھیو ہیڈن نے محمد رضوان کو بہترین شخص قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں عیسائی ہوں لیکن اسلام کیلئے تجسس رکھتا ہوں، ایک پیغمبر یسوع مسیح کی پیروی کرتا ہے تو دوسرا پیغمبر اسلام کی اور دونوں (مذاہب) ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔