سری نگر(کے پی آئی) بھارتی فورسز نے سری نگر، پونچھ اور راجوری اضلاع میں تلاشی کی کاروائیاں تیز کر دی ہیں اس دوران بھارتی فورسز نے مزید6 افراد کو گرفتار کر لیا ہے ان میں سے 4 کوپونچھ ضلع کے مینڈھر سب ڈویژن اور2 کو راجوری کے تھنہ منڈی علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کے دارلحکومت سرینگر میںبھارتی فورسز کے اہلکاروں کی بڑی تعداد شہر کی سڑکوں اور گلیوں میں گشت کررہی ہے اور گاڑیوں اورراہگیروں کی تلاشیاں لی جارہی ہیں جو کہ بھارتی فورسز کی طرف سے جاری تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کا حصہ ہیں ۔اس دورن لال چوک، جہانگیر چوک، ہری سنگھ ہائی سٹریٹ، ریگل چوک ، ٹی آر سی چوک ، پولو ویو اور سٹی سینٹر جیسے اہم مقامات پر بھارتی فورسز کی اضافی نفری کو تعینات کیاگیا ہے ۔ مقامی لوگوں نے میڈیا کو بتایا ہے کہ فوجی انہیں روک کر ان کے شناختی کارڈچیک کرر ہے ہیں اور ان کی جامہ تلاشیاں لی جارہی ہیں جس کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ایک عینی شاہد نے بتایا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے علاقے میں گاڑیوں اور راہگیروں کی تلاشیاں لینے کا سلسلہ گزشتہ چند دنوں سے روز کا معمول بن چکا ہے بلکہ سی آر پی ایف اہلکار اس کے علاوہ لوگوں کے شناختی کارڈ ،ڈرائیونگ لائسنس اورگاڑیوں کی دستاویزات بھی چیک کر ہے ہیں ۔مختلف مقامات پر پولیس اور پیرا ملٹری دستوں کی جانب سے ناکے قائم کیے جا رہے ہیں۔ وہیں راہگیروں اور گاڑیوں کی تلاشی کا سلسلہ ایک بار پھر شروع کر دیا گیا ہے۔شہر کے مختلف علاقوں میںفورسز نے ناکے قائم کیے ہیں۔دوسری جانب بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی مزید پانچ کمپنیاں تعینات کرے گی ۔ بھارتی وزارت داخلہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی مزید پانچ کمپنیاں تعینات کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے ۔ یہ کمپنیاں ان 50کمپنیوں کے علاوہ ہیں جنہیں حال ہی میں بھارتی حکومت نے کشمیریوں کی حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو دبانے کیلئے تعینات کیا تھا۔ ان میں سے 30کمپنیوں کو صرف سرینگر میں تعینات کیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق سینٹرل ریزرو پولیس فورس سی آر پی ایف کی پانچ مزید کمپنیاں ایک ہفتے میں مقبوضہ کشمیرمیں تعینات کی جائیں گی ۔۔سی آر پی ایف کے ترجمان کے مطابق حال ہی میں جموں و کشمیر میں شہری ہلاکتوں کے متعدد واقعات کے پیش نظر پانچ مزید کمپنیوں کو کشمیر بھیجا جا رہا ہے۔ ان کمپنیوں کو وہاں آئندہ ایک ہفتے کے دوران تعینات کیا جائے گا۔ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ اس سے قبل مزید 25 کمپنیوں کو وادی کشمیر بھیجا گیا تھا۔ سی آر پی ایف کے تمام اہلکار مقامی پولیس کو وادی کی صورتحال سے نمٹنے میں تعاون فراہم کریں گے۔