اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمیشن نے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کے حوالے سے اپنا فیصلہ سنا دیا۔ تفصیلا ت کے مطا بق 3 نومبر 2021ء کو ہونے والی سماعت میں بلوچستان حکومت کی طرف سے احمد رضا سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور جناب خادم حسین سیکرٹری لوکل کونسل الیکشن کمیشن بنچ کے روبرو پیش ہوئے۔ اپنے فیصلے میں کمیشن نے واضح کیا کہ آئین کی شق 140A(1) کے تحت صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کا انعقا د الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔ بلوچستان میں بلدیاتی اداروں کی معیاد 27 جنوری 2019ء کو ختم ہو چکی ہے۔ اس کے بعد اب تک الیکشن کے انعقاد کو تاخیر کا شکار رکھنا آئین کی شقوں سے روگردانی کے مترادف ہے۔ جبکہ اس ضمن میں سپریم کورٹ آف پاکستان و ہائیکورٹس کے واضح احکامات و فیصلہ جات موجود ہیں۔ کمیشن نے چیف سیکرٹری بلوچستان اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو حکم دیا ہے کہ وہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے مروجہ قوانین میں ترامیم، نقشہ جات و دیگر ضروری ڈیٹا 2 ہفتے کے اندر الیکشن کمیشن کو فراہم کریں۔ بصورت دیگر کمیشن صوبے میں حلقہ بندی کا کام 6دسمبر 2021ء سے شروع کر دے گا اور دفتر کو بھی ہدایات جاری کیں کہ وہ حلقہ بندی کا مکمل شیڈول کمیشن کی منظوری کے لئے پیش کرے۔
بلوچستان میں بلدیاتی انتخاب میں تاخیر آئینی شقوں روگردانی: الیکشن کمشن
Nov 11, 2021