ملتان( سماجی رپورٹر ) چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس ملتان عابدرضا بودلہ نے کہاکہ قانون سے آگاہی حاصل کرکے ٹیکس گزار بہت سی مشکلات سے بچ سکتا ہے۔ان باتوں کا اظہار انہوں نے ایوان تجارت وصنعت ملتان میں منعقدہ کھلی کچہری خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ ایف بی آر نے ٹیکس گزار سے رابطوں کوآسان بنادیا ہے۔ ٹیکس نادہندگان سے بینک اکائونٹ منجمد کرکے ریکوری کرنا انتہائی اقدام ہے۔ اس ضمن میں ٹیکس گزار کوبھی خیال رکھنا چاہیے کہ وہ اپنے ٹیکس معاملات کواس نہج پر نہ لے جائیں۔عابد رضا بودلہ نے کہاکہ پوائنٹ آف سیل پر ایف بی آر کافوکس ہے۔ کاروباری افراد بھی اس سسٹم کو چلانے میں مدد کریں۔ کھلی کچہری میں ایوان تجارت وصنعت ملتان کے صدرخواجہ محمد حسین نے کہاکہ کھلی کچہری میں غیررجسٹرڈ فرد سے مال کی واپسی ،چھوٹے تاجروں کی انوائس میں ایچ ایس کوڈ کے اندراج اور پوائنٹ آف سیل مشینوں کی ناقص کارکردگی کے بارے میں نشاندہی کی۔