کراچی (نیوز رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ میں چڑیا گھر اور سفاری پارک میں چار ہاتھیوں کی حالت زار سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا جرمنی سے ڈاکٹر نے آکر معائنہ کیا؟۔ جس کے جواب میں کے ایم سی کے وکیل نے کہا کہ جرمن ڈاکٹر ہمارے رابطے میں ہے تاہم کے ایم سی افسران سے اجلاس کرنا باقی ہے۔ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے دریافت کیا کہ اب تک جرمن ڈاکٹر کیوں نہیں آیا؟ جس پر وکیل کا جواب تھا کہ کے ایم سی افسران کی وجہ سے معاملہ رکا ہوا ہے۔ جسٹس فیصل کمال عالم نے کہا کہ ایسا لگتا ہے متعلقہ افسران ایسا کرنے سے کترا رہے ہیں، عدالت نے کے ایم سی کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کے پاس اپنے ڈاکٹرز کیوں نہیں ہیں؟۔ جس کے جواب میں وکیل کے ایم سی نے کہا کہ یہ معاملہ سوشل میڈیا پر اٹھا تھا جبکہ حقیقت میں دیکھا جائے تو سب ہاتھی مکمل صحت مند اور ٹھیک ہیں۔ جسٹس فیصل کمال عالم نے کہا کہ ایسا جواب آپ کو نہیں بلکہ کے ایم سی افسران کو دینا چاہیے، کے ایم سی افسران سے کہیں کہ جرمن ڈاکٹر سے فوری طور پر رابطہ کریں۔ سندھ ہائی کورٹ نے ہدایت کی کہ پیر کے روز تک معاملے میں پیش رفت کریں جس کے بعد عدالت کو آگاہ کیا جائے، بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 15 نومبر کے لیے ملتوی کردی۔
ہاتھیوں کے علاج کیلئے عدالت کی کے ایم سی افسران کو سخت ہدایات
Nov 11, 2021