ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 177 رنز کا ہدف دے دیا۔آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی، اوپنر بلے بازوں محمد رضوان اور بابر اعظم نے ایک اچھا آغاز فراہم کیا۔محمد رضوان شروع میں مشکل کا شکار دکھائی دیئے، پھرجلد ہی سنبھل گئے، دوسری طرف کپتان بابر اعظم اپنا روایتی کھیل کھلیتے رہے اور انہوں نے شاندار بلے بازی کی۔پاکستان کا اسکور 71 پر پہنچا تو کپتان بابر اعظم ایک بڑی ہٹ لگانے کی کوشش میں ایڈم زمپا کی گیند پر کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 34 گیندوں کا سامنا کیا اور 39 رنز بنائے،ان کی جگہ فخر زمان آئے۔محمد رضوان کریز پر جم گئے اور خوب بلے بازی کی، اپنے پسندیدہ شارٹس کھیلے، تین شاندار چھکے لگائے،آسٹریلیا کے خلاف اپنی ففٹی اور سال 2021 میں ٹی 20 میں اپنے ایک ہزار رنز بھی مکمل کیے۔محمد رضوان سٹارک کی گیند پر شارٹ کھیلتے ہوئے کیچ آوٹ ہو گئے، انہوں نے 52 گیندوں کا سامنا کیا اور 67 رنزبنائے۔محمدرضوان کا جانا تھا کہ فخر زمان نے آسٹریلوی باولرز کی پٹائی شروع کر دی اور انہوں نے 31 گیندوں پر چھکے کے ساتھ اپنی ففٹی مکمل کی۔ اور 32 گیندوں کا سامنا کر کے 55 رنز بنائے اورناقابل شکست رہے۔محمد رضوان کی جگہ ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کرنے والے آصف علی آئے، ہر نظر ان پر تھی مگر وہ پہلی ہی گیند پر باونڈری پر کیچ آوٹ ہو گئے۔آصف علی کی جگہ ورلڈ کپ میں 18 گیندوں پر تیز ترین ففٹی کرنے والے شعیب ملک آئے اور ایک سکور بنانے کے بعد سٹارک کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔فخر زمان کا ساتھ دینے کے لیے کرکٹ کے پروفیسر محمد حفیظ آئے اور انہوں نے ایک گیند کا سامناکیا اور ایک سکور بنایا۔
ورلڈ کپ سیمی فائنل: پاکستان کی شاندار بیٹنگ, پاکستان کا آسٹریلیا کو جیت کے لیے 177 رنز کا ہدف
Nov 11, 2021 | 20:53