لاہور (سپیشل کاریسپانڈنٹ، لیڈی رپورٹر) خاتون محتسب پنجاب نبیلہ خان نے سابق نائب تحصیلدار کے زیر قبضہ اراضی متاثرہ خاتون کو واپس کرادی۔ ضلع اوکاڑہ کی تحصیل دیپالپور میں شائستہ سرور کی 8 کنال اراضی پر خاتون کے ماموں سابق نائب تحصیلدار ریونیو ڈیپارٹمنٹ محمد یونس نے کئی سال سے قبضہ کر رکھا تھا۔ اور اپنی بہن کو اس کا حق دینے سے انکاری تھا جس پر متاثرہ خاتون نے قبضہ واگزار کرانے کےلئے خاتون محتسب پنجاب نبیلہ خان کی عدالت میں درخواست دائر کی۔ خاتون محتسب پنجاب نبیلہ خان نے قابض بھائی کو عدالت طلب کر لیا اور کیس کی سماعت کے بعد شائستہ سرور کو اس کا حق واپس دینے کا حکم صادر کردیا جس پر خاتون کو کئی سال بعد اس کا حق مل گیا۔
متاثرہ خاتون شائستہ سرور نے حق ملنے پر خاتون محتسب پنجاب نبیلہ خان اور پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے خواتین کے حقوق کی فراہمی کے لئے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔