جامعہ کراچی ،اساتذہ کو بدست وفاقی وزیر سید امین الحق حمید اینڈ عذار ایوارڈ تفویض


کراچی ( این این آئی)جامعہ کراچی کے مختلف کلیہ جات کے لیکچرار،اسسٹنٹ پروفیسر،ٹیچنگ اسسٹنٹ اور ٹیچنگ ایسوسی ایٹس میں حمید اینڈ عذرا ایوارڈ کی تقسیم کی تقریب جمعرات کے روز کلیہ علوم کے کونسل روم میں منعقد ہوئی ۔صدرانجمن اساتذہ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹرشاہ علی القدر کے مطابق یہ ایوارڈ2021 ءکی پبلیکیشن کی بنیاد پر تفویض کئے جاتے ہیں جس کی جانچ پڑتال جامعہ کراچی کے سینئر اساتذہ پرمشتمل ٹیم کرتی ہے ۔امسال کلیہ علوم ،کلیہ فنون وسماجی علوم،کلیہ معارف اسلامیہ ،کلیہ قانون اور کلیہ تعلیم کے اساتذہ نے اپنی اپنی پبلیکیشن جمع کرائی جس کی بین الاقوامی طریقہ کارکے مطابق جانچ پڑتال کے مطابق تمام کلیہ جات کی پہلی ،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے اساتذہ کو ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا۔پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے اساتذہ کو 10 ہزار،دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے اساتذہ کو5 ہزار جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو تین ہزار روپے تفویض کئے گئے۔ڈاکٹر شاہ علی القدرنے بتایاکہ مذکورہ ایوارڈ تفویض کرنا نوجوان فیکلٹی کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔پوزیشن حاصل کرنے والے اساتذہ میں ایوارڈ بدست وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق تفویض کئے گئے۔اس موقع پر وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا کہ نوجوان محققین کی حوصلہ افزائی سے ان میں مزید تحقیق کا جذبہ پروان چڑھے گا جس کے اس معاشرے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ عصر حاضر مقابلے کا دورہے دنیا کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں تحقیق کے میدان نام پیداکرنا ہوگا۔مجھے خوشی ہے کہ نوجوان محققین کی حوصلہ افزائی کے لئے اس طرح کے پروگرامز کا انعقاد کیاجارہاہے جو لائق تحسین اور قابل تقلید ہے۔
وفاقی وزیر آئی ٹی

ای پیپر دی نیشن