کوٹری(نامہ نگار)پسند کی شادی کا شاخسانہ۔ عدالت سے واپس جاتے ہوئے ماں بیٹا کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ملزمان باآسانی فرار ہونے میں کامیاب۔پولیس حدود کے تنازعہ میں الجھی رہی۔تفصیلات کے مطابق کوٹری کے علاقہ خدا کی بستی کی رہائشی خاتون 45 سالہ ظہراں چنہ اپنے بیٹے 25 سالہ محمد علی چنہ کے ساتھ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ سے واپس گھر جا رہی تھی کہ موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر کے فرار ہو گئے اطلاع ملنے کے باوجود پر پولیس حسب روایت تاخیر سے پہنچی۔جامشورو پولیس نے لاشیں تحویل میں لیتے ہوئے ایل اہم یو اسپتال جامشورومنتقل کیں۔پولیس کے مطابق چار ماہ قبل خاتون کے بیٹے شاہ رخ چنہ نے چانڈیو برادری کی نوجوان لڑکی سے پسند کی شادی کی تھی جس پر لڑکی کے بھائی کی مدعیت میں مقتولہ خاتون سمیت اس کے بیٹوں پر اغواء کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جو کیس مذکورہ عدالت میں زیر سماعت تھا جس کی سماعت پر مقتولین آج عدالت آئے تھے۔دوسری جانب کوٹری اور جامشورو پولیس حدود کے تنازعہ پر دو گھنٹے الجھی رہی بعدازاں ایس ایس پی جامشورو کی مداخلت کے بعد جامشورو پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے تاہم آخری اطلاع ملنے تک مقدمہ درج نہ ہوسکا تھا اور نہ ملزمان کا سراغ مل سکاہے۔