لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) خلیجی اخبار کے مطابق شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی کے ٹوٹنے کی خبریں گرم ہیں۔ گزشتہ دنوں سے خبریں گردش کررہی تھیں کہ دونوں کے درمیان سب کچھ ٹھیک نہیں ہے اور ان کی علیحدگی ہو چکی ہے۔ حال ہی میں ثانیہ مرزا نے سوشل میڈیا بلاگنگ سائٹ ’انسٹاگرام‘ پر اپنے بیٹے کے ساتھ تصویر پوسٹ کی جس میں لکھا تھا کہ ’وہ لمحات جو مشکل ترین دنوں میں میرا ساتھ دیتے ہیں۔ یہ خبر بھی سامنے آئی کہ ثانیہ مرزا کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے شعیب ملک کی تصاویر بھی ڈیلیٹ ہو چکی ہیں۔ کچھ روز پہلے ثانیہ مرزا نے انسٹاگرام سٹوری پوسٹ کی تھی جس میں لکھا تھا کہ ’ٹوٹے ہوئے دل جائیں کہاں؟۔ حال ہی میں ثانیہ مرزا اور شعیب ملک اپنے بیٹے اذہان ملک کی سالگرہ کے موقع پر ایک ساتھ موجود تھے، اپنے بیٹے کی سالگرہ کے لئے شعیب ملک پاکستان سے دبئی پہنچے تھے۔ انہوں نے اپنے بیٹے کی سالگرہ کی تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔ شعیب ملک کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں بیوی میں اختلافات ہو جاتے ہیں لیکن طلاق کی خبریں درست نہیں۔