ریاض؍ اسلام آباد (ممتاز احمد بڈانی+ امیر محمد خان+ این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور، پاک سعودی تعلقات کو فروغ دینے کے امور پر بات چیت کی گئی۔ بلاول بھٹو زرداری نے بیان میں کہا ہے کہ سیکرٹری جنرل خلیج تعاون کونسل ڈاکٹر نائف فلاح سے ملاقات خوش آئند رہی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال، باہمی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاک سعودی سپریم کونسل کا اجلاس ہوا۔ دونوں ممالک کے ارکان بھی شریک ہوئے۔ سیاسی، سلامتی، تجارتی امور اور سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔سعودیہ، پاکستانی اعلی رابطہ کونسل کے تحت سیاسی و سکیورٹی کمیٹی کا پہلا اجلاس گزشتہ روز سعودی دارالحکومت ریاض میں ہوا۔ صدارت سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے مشترکہ طور پر کی۔ فریقین نے باہمی دلچسپی کے سیاسی و سلامتی کے امور خصوصاً مشترکہ مفادات کے معاملات پر گفتگو کی۔ وزرائے خارجہ نے عالمی امن و سلامتی کے استحکام کی خاطر کی جانے والی مشترکہ جدوجہد تیز کرنے کی تدابیر کا بھی جائزہ لیا۔ اعلی رابطہ کونسل کے تحت سیاسی و سلامتی سے متعلق وزارتی کمیٹی کے پہلے اجلاس کے منٹس پر دستخط کیے گئے۔ بعدازاں سعودی وزیر خارجہ نے بلاول اور ان کے ہمراہ آئے وفد کے اعزاز میں استقبالیہ دیا جس میں وزارتی کمیٹی میں شامل ارکان، سیکرٹری خارجہ برائے سیاسی امور ڈاکٹر سعود الساطی اور پاکستان میں متعین سعودی سفیر نواف المالکی بھی شریک ہوئے۔ بلاول زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی رکن و سابق پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ نگر رجب علی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم پیپلز پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے۔ پیپلز پارٹی ایک ثابت قدم اور وفادار ساتھی سے محروم ہو گئی ہے۔
بلاول کی سعودی ہم منصب، سیکرٹری خلیج تعاون کونسل سے ملاقات، تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال
Nov 11, 2022