دربار داتا گنج بخش ، بابا فرید میں خود کار چھتریاں نصب کرنے کی م، منظوری 

Nov 11, 2022


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی زیر صدارت محکمہ اوقاف کے امور کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس میں دربار حضرت داتا گنج بخشؒؒ اور دربار حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکر کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے دربار حضرت داتا گنج بخشؒ اور بابا فریدالدین مسعود گنج شکرؒ کے احاطے میں خودکار چھتریاں نصب کرنے کی منظوری دی۔ پرویز الٰہی نے داتا دربار کی واٹر سپلائی سکیم کو 2 ہفتے میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔ پرویزالٰہی نے داتا دربار آنے والے زائرین کیلئے ملٹی سٹوری پارکنگ پلازہ کی تعمیر کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ پارکنگ پلازہ کو انڈر گراؤنڈ راستے سے داتا دربار بیسمنٹ سے ملایا جائے گا۔ پارکنگ پلازہ کو پیدل افراد کیلئے اوورہیڈ برج کے ذریعے داتا دربار سے منسلک کیا جائے گا۔ پارکنگ پلازہ میں گاڑیاں کھڑی کرنے والے زائرین روڈ کراس کرنے کیلئے اوورہیڈ برج استعمال کریں گے اور پارکنگ پلازہ میں جدید ترین سکیورٹی چیکنگ سسٹم نصب کیا جائے گا۔ داتا دربار چوک کی ری ماڈلنگ اور سرفیس لفٹنگ کا پراجیکٹ بھی شروع کریں گے۔ دربار بابا فرید گنج شکرؒ پاکپتن کی اپ گریڈیشن کا ابتدائی منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے۔ دربارکے قریب بھی زائرین کیلئے اوورہیڈ برج بنایا جائے گا اور پاکپتن میں زائرین کی سہولت کیلئے پارکنگ پلازہ بھی قائم ہوگا۔ دربار بابا حضرت موج دریاؒ میں زائرین کیلئے مزید سہولتوں کی فراہمی کا عمل جلد مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے ملازمین کیلئے اعلان کردہ خصوصی الاؤنس کیلئے فنڈز کا اجراء کردیا گیا ہے۔  پرویز الٰہی سے ایف سی کالج یونیورسٹی کے ریکٹر کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایف سی کالج یونیورسٹی کا شمار بہترین درس گاہوں میں ہوتا ہے اور ایف سی کالج یونیورسٹی کے طلبہ نے ہر میدان میں وطن عزیز کا نام روشن کیا ہے۔ پنجاب میں گریجوایشن تک تعلیم مفت دی جارہی ہے اور گریجوایشن تک تعلیم مفت کرنے کا مقصد نادار طلبہ کیلئے اعلی تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں سہولیات کو مزید بہتر کیا جائے گا اور تعلیمی اداروں کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ تعلیمی اداروں میں منشیات روکنے کیلئے کڑی سزائیں مقرر کی جارہی ہیں۔ کالجوں، یونیورسٹیوں اور تعلیمی بورڈز کی کارکردگی میں بہتری کیلئے ایجوکیشن ٹاسک فورس قائم کردی گئی ہے۔

مزیدخبریں