سی پیک صرف راہداری نہیں ترقی کا ایک سفر ہے، صدر چائنیز پیپلز ایسوسی ایشن

Nov 11, 2022


اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار+نیٹ نیوز+نمائندہ خصوصی) چائنیز پیپلز ایسوسی ایشن فار فرینڈ شپ ود فارن کنٹریز کے صدر لین سونگ تیان نے کہا ہے بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کا پاکستان بڑا فائدہ اٹھانے والا ملک ہے،سی پیک صرف کوریڈور نہیں بلکہ ترقی کا ایک سفر ہے،افراط زر کیخلاف لڑنے کے لیے پختہ عزم کی ضرورت ہے۔اسلام آباد میں چینی سفارتخانے میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ میرا کسی بھی ملک کا پہلا دورہ ہے،پاکستان آکر ایسا لگا جیسا میں اپنے گھر آیا ہوں، چین اور پاکستان کا بھائیوں جیسا تعلق ہے۔انہوں نے کہا پاکستانی وزیر اعظم کادورہ چین کامیاب رہا، جس کے نتائج جلد سب کے سامنے آئیں گے۔ اْن کا کہنا تھا ہم ترقی میں پاکستانی بھائیوں کو بھی ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں، پاکستانی حکام سے بہت فائدہ مند میٹنگز ہوئی، ترقی میں تعاون اہم ہے، پاکستان میں بہت سے قدرتی وسائل اور  ہیومن ریسورس ہے، اس شعبے میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ لین سونگ تیان نے کہا  چین پاکستان کے ساتھ پیشہ ورانہ تربیت کے اداروں اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے ذریعے نوجوانوں کی مہارت کو بہتر بنانے کے لیے کام کر رہا ہے، چین انفراسٹرکچر کی ترقی، صنعت کاری اور نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے پاکستان کی مدد کرے گا۔ اپنے دورہ پاکستان کے حوالے سے انہوں نے کہا چینی عوام پاکستانی بھائیوں اور بہنوں سے بہت متاثر ہیں، پاکستان اور چین ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ ہم 2008 کے موسم سرما میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد چین کے لیے پاکستان کی مدد کو کبھی نہیں بھولیں گے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال سے چائنیز پیپلز ایسوسی ایشن فار فرینڈشپ اور فارن کنٹریز (سی پی اے ایف ایف سی) کے صدر لیِن سونگ تیان کی قیادت میں چھ رکنی وفد نے ملاقات کی اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں وفاقی وزیر نے کہا پاکستان کے چین کے ساتھ دیرینہ تاریخی تعلقات ہیں اور موجودہ حکومت نے سی پیک منصوبوں کو بحال کر دیا ہے ، حال ہی میں وزیراعظم شہباز شریف کا چین کا کامیاب دورہ اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت سی پیک منصوبوں کی بحالی کے لیے پرعزم ہے۔ وفد سے ملاقات میں وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت سی پیک منصوبوں کی بحالی کے لئے پرعزم ہے اور تمام منصوبوں کی تکمیل کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں ۔

سی پیک 

مزیدخبریں