لاہور (احسن صدیق) وفاقی وزارت خزانہ کے اعدادوشمار میں انکشاف ہوا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پنجاب کے علاوہ تینوں صوبوں نے گذشتہ مالی سال کی اتنی مدت کے مقابلے میں کم ترقیاتی اخراجات کئے ہیں۔ جس سے گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں مجموعی طور پر ترقیاتی اخراجات ایک ارب 54کروڑ 30لاکھ روپے کم خرچ ہوئے ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال 23-2022 جولائی سے ستمبر (3ماہ) کے دوران مجموعی طور پر چاروں صوبوں نے 152ارب 23کروڑ 30لاکھ روپے کے ترقیاتی اخراجات کئے جبکہ گزشتہ مالی سال کی اتنی مدت کے دوران چاروں صوبوں نے 153 ارب 77کروڑ 60 لاکھ روپے کے ترقیاتی اخراجات کئے تھے۔ اعدادو شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 3ماہ کے دوران پنجاب نے 72ارب 29 کروڑ 80لاکھ روپے کے ترقیاتی اخراجات کئے جو گزشتہ مالی سال میں اتنی مدت کے مقابلے میں کئے جانے والے 60 ارب 79 کروڑ 30 لاکھ روپے کے مقابلے میں 11 ارب 50 کروڑ 50 لاکھ روپے زائد ہیں۔ سندھ نے رواں مالی سال کے پہلے 3 ماہ میں 28 ارب 27 کروڑ 40 لاکھ روپے کے ترقیاتی اخراجات کئے۔ خیبر پی کے نے رواں مالی سال کے پہلے 3ماہ کے دوران 43ارب 92 کروڑ 30لاکھ روپے کے ترقیاتی اخراجات کئے۔ اسی طرح بلوچستان نے رواں مالی سال کے پہلے 3ماہ میں 7ارب 73کروڑ 80لاکھ روپے کے ترقیاتی اخراجات کئے۔
ترقیاتی اخراجات