لاہور ( کامرس رپورٹر) لاہور کے مقامی ہوٹل میں ”انسانی سرمایہ ،جدت اور خلل ڈالنے والی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی“ کے موضوع پر لکھی ہوئی کتاب کی تقریب رونمائی منعقد ہوئی۔ صوبائی وزیر ہائی ایجوکیشن پنجاب راجہ یاسر ہمایوں سرفراز اور چیئرمین ہائیرایجوکیشن کمیشن پنجاب پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی جبکہ مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر‘ معروف معاشی تجزیہ کار‘ اساتذہ کرام اور ذرائع ابلاغ کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ کتاب معروف معاشی ماہرین اور مینجمنٹ سائنسز کے اساتذہ وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودہا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس‘بیجنگ انسٹی ٹیوٹ آف چائینہ کے پروفیسر ڈاکٹر محمد شہباز اور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ کراچی کے پروفیسر ڈاکٹر شجاعت مبارک نے تحریر کی ۔ صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے کہا کہ آج پاکستان کا مستقبل ہمارے قابل اور محنتی اساتذہ کرام کی وجہ سے روشن ہے جواپنے طالب علموں کی تربیت کے ساتھ موجودہ اہم موضوعات پر تحقیق کررہے ہیں۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودہا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ کووڈ 19 کے بعد ہمیں بہت سے معاشی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے مارکیٹ بہت متاثر ہوئی۔ کتاب کے مصنف پروفیسر ڈاکٹر محمد شہباز نے کہا کہ میں آج جو کچھ بھی ہوں وہ اپنے اساتذہ اور والدین کی وجہ سے ہوں اور یہ کتاب میں نے ان طالب علموں اور اساتذہ کے لئے لکھی ہے جو نئی ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی اور معیشت میں نئی جدت لانا چاہتے ہیں۔
”انسانی سرمایہ ،جدت اور خلل ڈالنے والی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی“ کتاب کی تقریب رونمائی
Nov 11, 2022