کراچی کو بہترین ٹرانسپورٹ دینا چا ہتا ہوں ، وزیراعلی سندھ


کراچی(این این آئی)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہدایت کی ہے کہ جام صادق پل کی جگہ ایک اور پل کی تعمیر جلد شروع کی جائے۔جمعرات کو وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت بی آر ٹی ییلو لائن کو حتمی شکل دینے سے متعلق اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیر ٹرانسپورٹ نے وزیراعلی سندھ کو بریفنگ دی کہ بی آر ٹی ییلو لائن دائود چورنگی تا نمائش 21 کلو میٹر کوریڈور ہے، 17.6 کلومیٹر سڑک اور 3.4 کلومیٹر انڈر پاسز ہونگے۔اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ییلو لائن کی 28 اسٹیشنز ہونگی جس میں 6 اسٹیشنز انڈرپاسز میں ہونگی، 268 ہائیبرڈ ڈیزل بسز ییلو لائن کی ہونگی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ روزانہ 300000 کی رائیڈر شپ ہوگی، بی آر ٹی ییلو لائن ورلڈ بینک کے تعاون سے 60 بلین روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا۔وزیراعلی سندھ نے ہدایت کی کہ جام صادق پل کی جگہ ایک اور پل کی تعمیر جلد شروع کی جائے، کراچی کو بہترین ٹرانسپورٹ کی ضرورت ہے، جسے میں جلد دینا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ اس وقت گرین لائن، اورنج لائن، پیپلز بس سروس اور اب ییلو لائن سے شہر کی ٹرانسپورٹ بہتر ہوجائے کی، ہم کے سی آر (کراچی سرکلر ریلوے)پر بھی جلد کام شروع کروائیں گے۔وزیراعلی سندھ نے وزیر ٹرانسپورٹ کو ہدایت دی کہ محکمہ ٹرانسپورٹ ییلو لائن منصوبے کو فائنل کر کے ورلڈ بینک کو دیں تاکہ کام شروع کرسکیں اور مجھے ریڈ لائن دو سالوں میں مکمل کر کے دیں۔اجلاس میں وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن، چیف سیکریٹری سہیل راجپوت، پرنسپل سیکریٹری فیاض جتوئی، سیکریٹری خزانہ ساجد جمال ابڑو، سیکریٹری بلدیات نجم شاہ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

ای پیپر دی نیشن