چھاتی کا کینسر مہلک ، جنگ جیتنے کیلئے اجتماعی کوششیں ناگزیر:ثمینہ عارف علوی 


 اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ چھاتی کا کینسر ایک مہلک بیماری ہے اور اس کے خلاف جنگ جیتنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر میڈیکل کالج(کے ایم سی)میں بریسٹ کینسر کے خلاف آگاہی سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خاتون اول نے کہا کہ اگر ابتدائی مرحلے میں تشخیص اور علاج کر لیا جائے تو 90 فیصد سے زائد مریض ٹھیک ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر سال تقریبا 90 ہزار سے ایک لاکھ افراد میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص ہوتی ہے اور تقریبا 50 فیصد مریض تشخیص اور علاج میں تاخیر کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ کے پی سمیت پاکستان کے تمام صوبوں میں آگاہی سیمینارز اور ورکشاپس کی وجہ سے اسکریننگ کے لیے ہسپتالوں میں آنے والی خواتین اور لڑکیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں اور جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں بھی آگاہی سیشنز اور ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا جو کہ درست سمت میں ایک مثبت قدم ہے۔ بیگم ثمینہ علوی نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال  میں زیر علاج مریضوں کی تشخیص، علاج اور فالو اپ ٹیسٹ کے لیے 'ون سٹاپ کلینک' کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ہسپتال کا قابل تعریف قدم ہے جس سے لوگوں کی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے۔اس موقع پر خاتون اول کی موجودگی میں میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد سراج اور چیف ایگزیکٹو آفیسر گرین سٹار سعید عزیز نے کے ٹی ایچ اور گرین سٹار کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط  کئے۔ ایم او یو کے تحت گرین سٹار اپنے مراکز بشمول ورسک روڈ پر مفت سکریننگ فراہم کرے گا اور مثبت کیسز کو مزید تشخیص کے لیے کے ٹی ایچ کو بھیج دیا جائے گا۔ سیمینار سے چیئرمین بورڈ آف گورنرز کے ٹی ایچ ڈاکٹر ندیم خاور، ای این ایس کے ٹی ایچ، ڈاکٹر محمود اورنگزیب، ڈاکٹر ماہ منیر، کے ٹی ایچ کے شعبہ آنکولوجی سرجری کے سربراہ اور سینئر آنکولوجسٹ ڈاکٹر ارم صابر علی نے بھی خطاب کیا اور اس کی وجوہات، تشخیص اور علاج کے اختیارات پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر ارم صابر نے کہا کہ ہر عمر کی خواتین بالخصوص 46 سال سے زیادہ عمر کی خواتین اس کا شکار ہو سکتی ہیں۔ ڈاکٹر ماہ منیر نے کہا کہ کے ٹی ایچ میں آگاہی سیمینارز اور ہیلتھ پروگراموں کی وجہ سے اسکریننگ کے لیے آنے والی خواتین کی تعدادبڑھ گیا ہے ۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے خیبرپختونخوا سمیت ملک میں خون کے کینسر کے خلاف آگاہی مہم چلانے پر خاتون اول کی کاوشوں کو سراہا۔ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والی مریضہ فوزیہ سعید اور سہیل خٹک جن کے خاندان کے 15 افراد اس بیماری سے متاثر ہوئے تھے، نے اپنے درد اور تجربات بتائے۔ 
ثمینہ علوی 

ای پیپر دی نیشن