سی پیک منصوبوں کی بحالی کیلئے حکومت پرعزم ہے: احسن اقبال


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی  احسن اقبال سے چائنیز پیپلز ایسوسی ایشن فار فرینڈشپ اور فارن کنٹریز (سی پی اے ایف ایف سی) کے صدر لیِن سونگ تیان کی قیادت میں چھ رکنی وفد نے ملاقات کی اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے چین کے ساتھ دیرینہ تاریخی تعلقات ہیں اور موجودہ حکومت نے سی پیک منصوبوں کو بحال کر دیا ، حال ہی میں وزیراعظم شہباز شریف کا چین کا کامیاب دورہ اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت سی پیک منصوبوں کی بحالی کے لیے پرعزم ہے۔ وفد سے ملاقات میں وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت سی پیک منصوبوں کی بحالی کے لئے پرعزم ہے اور تمام منصوبوں کی تکمیل کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پی ٹی آئی کے گزشتہ دور حکومت میں ان منصوبوں پر کام بند کر دیا گیا تھا، اب سی پیک منصوبے دوبارہ شروع ہو چکے ہیں اور حالیہ جے سی سی کا اجلاس اور وزیراعظم کا حالیہ دورہ چین اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت سی پیک منصوبوں کو مزید تاخیر کے بغیر مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حالیہ دورے کے دوران چینی صدر نے سی پیک منصوبوں کی بحالی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی،ملاقات میں وفاقی وزیر نے ایم ایل ون اور کے سی آر پروجیکٹ کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی جن پر حال ہی میں وزیر اعظم کے چین کے دورہ کے دوران تبادلہ خیال کیا گیا تھا اور دونوں فریقوں نے ان منصوبوں کو شروع کرنے پر اتفاق بھی کیا تھا۔وفاقی وزیر نے وفد کو مزید منصوبے جس میں سولر، زرعی شعبے آئی ٹی اور دیگر کے بارے میں آگاہ کیا ۔وفاقی وزیر  نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں پاکستان کے پاس بہت زیادہ مواقع موجود ہیں اور چین اس سے استفادہ حاصل کرسکتا ہے۔ مزید براں وفاقی وزیر نے پاکستان کی تیز رفتار نمو کو بڑھانے پر بھی روشنی ڈالی اور چین سے اس حوالے سے مدد بھی مانگی گئی کیونکہ چین برآمدی شعبے میں انتہائی مہارت رکھتا ہے۔ ملاقات میں وفاقی وزیر نے اسپیشل اکنامک زونز (SEZs) کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا اور وفد کو بتایا کہ موجودہ حکومت خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کیلئیتیزی سے کام شروع کر چکی ہے۔وفاقی وزیر نے وفد کو مزید آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ اگلے سال فعال ہو جائے گا اور یہاں سیاحت کے بھی بہت بہتری کے امکانات ہیں۔ لیِن سونگ تیان نے اس موقع پر کہا کہ چائنیز مارکیٹ میں بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے جو منافع، استحکام اور کاروبار کے مواقع فراہم کرتی ہے اور وفاقی وزیر کو تمام شعبوں میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔وفاقی وزیر کو یہ بھی بتایا کہ وہ جلد چینی ماہرین کا ایک گروپ پاکستان بھیجیں گے تاکہ وہ متعدد منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے دنوں ممالک کے مشترکہ تجربات کا تبادلہ کر سکیں گے۔ وفد کے سربراہ نے وفاقی وزیر کو حالیہ سیلاب میں ریسیکو آپریشن اور PDNA کے کامیاب اجرائ￿  پر مبارک باد بھی دی اور مزید تعاون کا یقین دلایا۔

ای پیپر دی نیشن