حافظ آباد‘ فیصل آباد‘ وزیر آباد سیکشن پر بندٹرینیں تاحال بحال نہ ہوسکی:خالداختر


حافظ آباد(نمائندہ خصوصی، نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت) حافظ آباد فیصل آباد وزیر آباد سیکشن پر اڑھائی ماہ قبل بند ہونیوالی دو ٹرینیں تاحال بحال نہ ہوسکی ہیں جس کی وجہ سے ضلع بھر کے عوام ریلوے کی سفری سہولیات سے محروم چلے آرہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل خالداختر نے یہاں اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوںنے کہا کہ حافظ آباد فیصل آباد وزیر آباد سیکشن پر اسوقت صرف ایک ٹرین رحمن بابا ایکسپریس چل رہی ہے جبکہ گذشتہ برسوں میں اس سیکشن پر بارہ سے زائد ٹرینیں بند کردی گئی تھیں جن میں سے تاحال ایک کو بھی بحال نہ کیا جاسکا ہے اوراب اڑھائی ماہ قبل ایک بار پھر سیلاب کی آڑ میں مذکورہ سیکشن پر چلنے والی دوٹرینوں پاکستان ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس کو بند کردیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے ضلع کے عوام کو سفر کے لئے ویگنوں اور بسوں کے دھکے کھانے پڑ رہے ہیں۔ انہوںنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اب جبکہ گجرات کوڈویژن بناکر حافظ آباد کو اس میں شامل کیا جاچکا ہے ۔تمام سابقہ ٹرینوںکو بحال کرکے گجرات میں انکا سٹاپ ضرور مقررکیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن