سیلاب متاثرین کومزید مدد کی ضرورت ‘ ڈپٹی اسپیکرسندھ اسمبلی 

Nov 11, 2022


کراچی (این این آئی)ڈپٹی اسپیکرسندھ اسمبلی و چیئرپرسن پارلیمانی کمیٹی برائے سیلاب زدگان ریحانہ لغاری سے یورپی یونین کے 5رکنی وفدنے ہیڈآف کوآپریشن او وِی ڈیو مِک  کی سربراہی میں جمعرات کو سندھ اسمبلی بلڈنگ میں ملاقات کی اورسندھ میں حالیہ بارش و سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کا تخمینہ اور یورپی یونین کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی برائے سیلاب زدگان کو مددفراہم کرنے پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکرسندھ اسمبلی ریحانہ لغاری نے کہا کہ سیلاب و بارشیں موسمیاتی تبدیلی کے سبب غیرمعمولی اورتباہ کن رہی۔موسمیاتی تبدیلی کی وجوہات سب کے سامنے ہیں۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثرہونے والا ملک ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اب تک ملنے والی عالمی امداد متاثرین کے لیے ناکافی رہی ہے، متاثرین کومزیدمالی مدد کی ضرورت ہے اور سیلاب کے بعد عالمی اداروں کی جانب سے تربیت وبحالی کے کاموں میں بھی مدد کی اشدضرورت ہے۔ اس موقع پر ریحانہ لغاری نے اقوام متحدہ اور اسکے دیگرذیلی اداروں WHO,UNOCHA,FAO,UNICEF,PHFاورNHNکا شکریہ اداکیا۔ اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے یورپی یونین ہیڈآف کوآپریشن، او وِی ڈیو مِک(Ovidiu Mic)نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کابروقت تشکیل پانا خوش آئندہے۔ہماری بھرپورکوشش ہے کہ کمیٹی کو تکنیکی اورمالی مددفراہم کرنے لیے راستے تلاش کریں۔ ہم اپنے ڈونرزکے بھی شکرگزارہیں جنہوں نے مصیبت کی گھڑی میں بروقت مددفراہم کی۔ پارلیمانی کمیٹی کے فلاحی اداروں کی امدادی کاروائیوں سے متعلق اعتراضات حل طلب ہیں۔ اس موقع پرمعززمہمانوں کو سندھی اجرک اورٹوپی کے ثقافتی تحائف سے بھی نوازاگیا۔
ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی

مزیدخبریں