حالیہ بارشوں کے بعد ہوا کا معیار بہتر ہونے لگا۔ پنجاب میں سموگ کے باعث لگایا جانے والا سمارٹ لاک ڈاؤن ختم کر دیا گیا۔ مارکیٹیں اور ریستوران کھلے رہیں گے۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد ہوا کے معیار میں بہتری آئی ہے، ماہرین سے مشاورت کے بعد لاک ڈاؤن اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تمام پابندیاں ہٹائی جا رہی ہیں اور ہفتہ کے روز بازار کھل جائیں گے، جبکہ ریسٹورنٹس شام 6 بجے کے بعد دوبارہ کام شروع کر سکتے ہیں۔دوسری جانب محکمہ تحفظ ماحول پنجاب نے آج کا ائیر کوالٹی انڈکس جاری کر دیا، جس کے مطابق لاہور کالج فور وومن یونیورسٹی میں اے کیو آئی 151 رہا۔ پنجاب یونیورسٹی لاہور کالج آف ارتھ اینڈ انوائرمینٹل سائنسز میں ایئر کوالٹی انڈکس 145 ریکارڈ کیا گیا۔ٹاؤن ہال لاہور میں اے کیو آئی 166 نوٹ کیا گیا۔ شالے ویلی رینج روڈ راولپنڈی پر اے کیو آئی 55 ریکارڈ کیا گیا۔ شاہین ویلز فیز ٹو،لاہور فیصل آباد بائی پاس روڈ شیخوپورہ پر ایئر کوالٹی انڈکس 188نوٹ کیا گیا۔ محکمہ تحفظ ماحول پنجاب کے مطابق یہ ڈیٹا گذشتہ چوبیس گھنٹے کی بنیادپر مرتب کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ پنجاب کی صوبائی حکومت نے سموگ پر قابو پانے کے لیے ‘سمارٹ لاک ڈاؤن‘ کی طرز پر سخت اقدامات کا اعلان کیا تھا۔ ان اعلانات کے مطابق آلودگی پر قابو پانے کے لیے متاثرہ علاقوں میں گاڑیوں کی آمدورفت اور شہریوں کی نقل و حرکت محدود کرنے کا اعلان کیا گیا تھا
لیکن بعد ازاں پنجاب کے وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اعلان کیا کہ 9 نومبر کو یوم اقبال کی وجہ سے حکومت سمارٹ لاک ڈاؤن ضوابط میں نرمی لا رہی ہے۔محکمہ پرائمری ہیلتھ کیئر پنجاب کے ترمیمی نوٹیفکیشن کے مطابق کال سینٹرز اور انٹرنیشنل آئی ٹی سینٹرز کو کام کی اجازت دی گئی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 8 اضلاع میں مارکیٹس جمعرات اور جمعہ کے روز بھی کھلی رہیں گی۔ اور کاروباری مقامات پر معمول کے مطابق کام ہوگا۔ اس کے علاوہ ریستوراں، سنیما ہالز اور جِم بھی معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ ایک اور حکومتی نوٹیفیکیشن کے مطابق شاپنگ مالز سمیت مارکیٹیں ہفتے اور اتوار کو بند رہیں گی۔واضح رہے جزوی لاک ڈاؤن میں تبدیلی سے ایک دن پہلے پنجاب کے وزیر اعلٰی محسن نقوی نے متاثرہ علاقوں کے عوام سے اگلے چار دنوں تک گھروں میں رہنے اور بلا ضرورت باہر نہ نکلنے کی اپیل کی تھی۔ اس موقعے پر ان کا کہنا تھا کہ سموگ پر قابو پانا بہت ضروری ہے اور لاہور کی زمین کو ماحولیاتی ریسٹ کی اشد ضرورت ہے۔طبی ماہرین کے مطابق ایئر کوالٹی انڈکس کی صفر سے پچاس تک کی ویلیو بہت اچھی، اکاون سے ایک سو تک قابل اطمینان جبکہ اس کی ایک سو ایک سے لے کر ایک سو پچاس تک کی ویلیو حساس لوگوں کے لیے طبی مسائل کا باعث بنتی ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس کی ایک سو اکاون سے دو سو تک کی ویلیو والی فضا کے حامل شہروں کو غیر صحت مندانہ قرار دیا جاتا ہے جبکہ دو سو ایک سے تین سو کی ویلیو پر ان شہروں کو انتہائی غیر صحت مندانہ یا مضر صحت قرار دیا جاتا ہے۔ تین سو ایک سے اوپر والی ویلیو رکھنے والے شہروں کی فضا کو صحت کے لئے خطرناک قرار دیا جاتا ہے۔