اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک میں ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.73 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 29.8 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں ٹماٹر 15.4 فیصد اور آلو 4.5 فیصد مہنگا ہوا۔ آٹا 2.4 فیصد‘ لہسن 2.1 فیصد‘ نمک 1.8 فیصد‘ مرغی 1.6 فیصد مہنگی ہوئی۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے گڑ‘ گھی‘ چاول اور دالوں کی قیمت میں معمولی کمی ہوئی۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں 20 اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ اور 8 کی قیمت میں کمی ہوئی جبکہ 23 اشیاءکی قیمتوں میں استحکام رہا۔