لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اپنے ٹویٹ کے ذریعے سمارٹ لاک ڈاون ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ بارش کی وجہ سے ائیر کوالٹی میں بہتری اور فضائی آلودگی میں کمی نوٹ گئی ہے۔ ماہرین اور محکمہ ماحولیات کی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا کہ آج (11 نومبر ) مارکیٹیں کھلی رہیں گی اور ریسٹورنٹ بھی 6 بجے سے کھل جائیں گے۔ قبل ازیں لاہور میں جمعہ کو علی الصبح ہونے والی بارش سے سموگ میں کمی آگئی۔ شہر میں بارش کے بعد درجہ حرارت تقریباً 15 ڈگری کم ہوگیا اور سموگ اوسطاً 350 تک پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات نے لاہور میں مزید ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش سے سموگ سے پیدا ہونے والی بیماریوں اور سانس اور آنکھوں کی جلن میں کمی آئے گی۔ لاہور میں دفعہ 144 کا نفاذ کرانے کیلئے پولیس نے کریک ڈاﺅن شروع کر دیا تھا۔ عابد مارکیٹ میں کریک ڈاﺅن کیا اور کھلی دکانیں بند کرا دیں۔ مزاحمت پر ایک دکاندار کو حراست میں لیا گیا۔ محسن نقوی نے بعض علاقوں میں مارکیٹیں اور دکانیں زبردستی بند کرانے کے واقعہ کا سخت نوٹس لے لیا۔
بارش سے ائر کوالٹی بہتر، سمارٹ لاک ڈاون ختم، آج بازار کھلیں گے
Nov 11, 2023