پشاور (آئی این پی) حکومت کی جانب سے ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی رضاکارانہ واپسی و جلاوطنی کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ داخلہ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز براستہ طورخم بارڈر 3035 غیر ملکیوں نے انخلا کیا۔ ان 654 خاندان میں 785 مرد، 747 خواتین اور 1468 بچے شامل ہیں۔ محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں سے اب تک 1239 افراد کو طورخم بارڈر سے بھیجا گیا جن میں 287 پنجاب، 81 اسلام آباد، 24 آزاد کشمیر اور 846 افراد خیبر پی کے سے تھے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر طورخم بارڈر سے 1 لاکھ 96 ہزار 413 افراد اور براستہ انگور اڈہ بارڈر 3056 غیر ملکیوں کو افغانستان بھیجا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ کے مطابق غیر ملکی 14683 خاندانوں میں 55394 مرد، 42921 خواتین اور98098 بچے براستہ طورخم واپس افغانستان بھیجے گئے۔ مجموعی طور پر 1 لاکھ 97 ہزار 652 غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو افغانستان بھیجا جا چکا ہے۔