کراچی (کامرس رپورٹر+ آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) سٹیٹ بنک نے اکتوبر میں آنے والی ترسیلات زر کی تفصیلات جاری کردیں۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے اکتوبر میں ڈھائی ارب ڈالر پاکستان بھیجے۔ سٹیٹ بنک کا کہنا ہے کہ رواں سال اکتوبر میں ترسیلات ستمبر کے مقابلے میں 11.5 فیصد زائد ہیں۔ سٹیٹ بنک کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 4 مہینوں میں 8 ارب 80 کروڑ ڈالر ترسیلات پاکستان آئی ہیں۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعدادو شمار کے مطابق حکومت نے جولائی سے ستمبر 2023ءکے دوران 1450 ارب روپے قرض لیا۔ سٹیٹ بینک کی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کا قرض ستمبر 2023 تک 62 ہزار 291 ارب روپے رہا۔ ستمبر 2023 تک حکومت کا مقامی قرض 39 ہزار 697 ارب روپے جبکہ بیرونی قرض 22 ہزار 593 ارب روپے رہا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق اکتوبر 2023 میں بینکوں کے ڈپازٹس 79 ارب روپے بڑھے، جس کے بعد بینکوں کے ڈپازٹس 26 ہزار 397 ارب روپے رہے۔ اکتوبر میں بینکوں نے 40 ارب روپے قرض دیے، اسی ماہ تک بینکوں کے قرضوں کا حجم 11 ہزار 897 ارب روپے رہا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق اکتوبر میں بینکوں کی سرمایہ کاری کا حجم 610 ارب روپے رہا جبکہ اکتوبر تک سرمایہ کاری حجم 23 ہزار 232 ارب روپے رہا۔ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں3.17 ارب ڈالر بیرونی قرضوں کی سروسنگ پر خرچ ہوئے۔ جولائی سے ستمبر 2023 کے دوران 2.017 ارب ڈالر قرضوں کے اصل پر خرچ ہوئے۔ دریں اثناء روپے کی قدر میں بہتری سے پاکستان کے مجموعی قرضوں کی مالیت میں ایک ماہ کے دوران 1675 ارب روپے کی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ ماہرین کے مطابق گزشتہ 12سال کے عرصہ میں پاکستان کے مجموعی قرضوں میں کمی واقع ہوئی جو نگراں حکومت کی معاشی حکمت عملی بالخصوص ڈالر کی سمگلنگ اور بلیک مارکیٹنگ کی روک تھام کے لیے انتظامی اقدامات کا نتیجہ ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے مجموعی قرضوں سہ ماہی اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگست کے اختتام تک مجموعی قرضوں کی مالیت 63ہزار 966ارب روپے ریکارڈ کی گئی جو ستمبر کے اختتام پر 62ہزار 291ارب روپے کی سطح پر آگئی۔ایک ماہ کے عرصہ میں روپے کی قدر میں استحکام سے مجموعی قرضوں کی مالیت میں 2.6فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ سٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اگست میں قرضوں کا تخمینہ ڈالر کی قیمت 305.62روپے پر لگایاگیا جبکہ ستمبر میں ڈالر کی اوسط قیمت 287.78روپے رہی جس سے مجموعی قرضوں کی مالیت میں کمی واقع ہوئی۔اگرچہ رواں مالی سال اگست کے مقابلے میں ستمبر کے اختتام تک قرضوں کے حجم میں نمایاں کمی کے باوجود پہلی سہ ماہی میں مجموعی قرضوں میں 1450ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ جون 2023کے اختتام پر مجموعی قرضوں کی مالیت 60ہزار840ارب روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ملکی زرمبادلہ ذخائر تین نومبر کو ختم ہوئے ہفتے میں 3.76 کروڑ ڈالر بڑھ گئے۔ سٹیٹ بنک کے مطابق ملکی زرمبادلہ ذخائر تین نومبر تک 12 ارب 61 کروڑ ڈالر رہے۔ سٹیٹ بنک کے ذخائر 37 لاکھ ڈالر اضافے سے 7.51 ارب ڈالر رہے۔ کمرشل بنکوں کے ذخائر 3.39 کروڑ ڈالر اضافے سے 5.10 ارب ڈالر ریکارڈ کئے گئے۔
روپے کی قدر میں بہتری، پاکستان کے قرضوں میں 1675ارب روپے کمی
Nov 11, 2023