کراچی (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس خالد مقبول صدیقی کی زیرصدارت ہوا۔ ن لیگ کے سامنے رکھے جانے والے مطالبات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایم کیو ایم ‘ ن لیگ کے وفد کے سامنے انتخابات سے پہلے اور بعد کے مطالبات رکھے گی۔ ایم کیو ایم کے چارٹر آف ڈیمانڈ میں آئینی ترامیم بھی شامل ہیں۔ ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق ن لیگ وفد کے سامنے انتخابات اور بعد کیلئے مطالبات رکھے جائیں گے۔ ایم کیو ایم کے چارٹر آف ڈیمانڈ میںآئینی ترامیم بھی شامل ہیں۔ دریں اثناءپاکستان مسلم لیگ (ن) اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان انتخابی اتحاد میں پیشرفت کے لئے آج (ہفتہ) کے روز مذاکرات ہوں گے، کراچی کا دورہ کرنے والے مسلم لیگ (ن) کے وفد کی دیگر سیاسی جماعتوں اور رہنماﺅں سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کا وفد ہفتے کو ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد کا دورہ کرے گا، وفد میں سینئر مرکزی رہنما سعد رفیق، سردار ایاز صادق ، سندھ کے صدر بشیر میمن، سمیت دیگر شامل ہوں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں انتخابی اتحاد کے سلسلے میں کمیٹی کے قیام اور دیگر معاملات پر بات چیت متوقع ہے۔ لیگی وفد کی ایم کیو ایم کے علاوہ جی ڈی اے کے وفد سے بھی ملاقات متوقع ہے۔