اسلام آباد (این این آئی) الیکشن ایکٹ 2017کی دفعہ 137کے تحت تمام اراکین پارلیمنٹ وصوبائی اسمبلی کے ممبران کےلئے لازم ہے کہ وہ اپنے بشمول شریک حیات و زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے برائے مالی سال2022-23مجوزہ فارم۔ بی کی صورت میں مقررہ تاریخ سے پہلے یا 31دسمبر2023تک الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروادیں۔ترجمان کے مطابق سیکشن 137کے مندرجات ذیل میں بھی دیے جاتے ہیں،سیکشن 137اثاثہ جات اور واجبات کے گوشواروں کی فراہمی، ہر ممبر اسمبلی و سینٹ گذشتہ 30جون تک کے اپنے بشمول شریک حیات و زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے بصورت مجوزہ فارم،بی ہر سال 31دسمبر سے پہلے یا 31دسمبر تک الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروائے گا۔ترجمان کے مطابق سیکشن 137کی ذیلی شق(1) کے تحت کمیشن ایک پریس ریلیز کے ذریعے ہر سال یکم جنوری تو مقررہ تاریخ تک مطلوبہ گوشوارے جمع نہ کروانے والوں کے نام شائع کرے گا۔ترجمان کے مطابق 16جنوری کو ایک حکم کے تحت کمیشن 15جنوری تک مذکورہ گوشوارے جمع نہ کروانے والے اراکین پارلیمنٹ وصوبائی اسمبلیوں کے ممبران کی رکنیت معطل کر دے گا اور مذکورہ گوشوارے جمع نہ کروانے تک وہ پارلیمنٹ و اسمبلی کی کسی بھی کاروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ترجمان کے مطابق اگر کوئی ممبر اپنے پیش کردہ گوشواروں میں کسی قسم کی غلط معلومات فراہم کرنے مرتکب پایا گیا تو کمیشن سیکشن 137کے تحت گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ سے 120دن کے اندر اس بدعنوانی کے جرم کے ارتکاب کی پاداش میں کاروائی کرے گا۔ترجمان کے مطابق اس حوالے سے تیار کردہ ہدایات/راہنمائی کے ساتھ مقررہ فارم۔ بی الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد ،متعلقہ صوبائی الیکشن کمشنر کے دفاتر ،سینٹ سیکرٹریٹ،قومی وصوبائی اسمبلیوں کے سیکرٹریٹ سے مفت حاصل کیا جا سکتا ہے۔ مزید برآں فارم۔ بی الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ سے بھی ڈاون لوڈ کیا جاسکتا ہے۔
ارکان پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی ممبران گوشوارے 31دسمبر تک جمع کرادیں ، الیکشن کمشن
Nov 11, 2023