کراچی (نیٹ نیوز) نگران وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم کو خط لکھ کر ایف بی آر سے سندھ ورکرز ویلفیئر فنڈز کے 22 ارب روپے واپس دلانے کا مطالبہ کردیا۔ نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو ڈی او لیٹر کے ذریعے ان کی توجہ مبذول کرائی۔ خط میں انہوں نے وزیراعظم کو بتایا ہے کہ آئین میں 18ویں ترمیم اور کنکرنٹ لسٹ کے خاتمے کے بعد سندھ حکومت نے سندھ ورکرز ویلفیئر فنڈ ایکٹ 2014ء اور سندھ کمپنیز پرافٹس (ورکرز پارٹی سپشن) ایکٹ 2015 نافذ ہے، صوبائی حکومت آئینی طور پر سندھ میں قائم صنعتی اداروں سے ورکرز ویلفیئر فنڈ اینڈ سندھ ورکرز پارٹی سپشن فنڈز جمع کرنے کی مجاز ہے جو کہ صنعتی یونٹس کے مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے ایک سکیم ہے۔ او جی ڈی سی ایل، پی ایس او، اینگرو گروپ، فوجی گروپ اور دیگر مینوفیکچررز کی جانب سے ایف بی آر کو ادا کیے جانے والے فنڈز پر کہا کہ یہ رقم سندھ حکومت کے پاس جمع کرائی جا سکتی ہے، ایف بی آر نے غیر قانونی رقوم کو اپنے پاس رکھا۔
ورکرز ویلفیئر فنڈز کے 22ارب واپس دلائیں، وزیراعلیٰ سندھ کا وزیراعظم کو خط
Nov 11, 2023