لاہور (نیٹ نیوز) مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں اسرائیلی بمباری سے فلسطینی بزرگ کے تمام پوتے پوتیاں شہید ہوگئے اور بزرگ کی پوتے پوتیوں کی میتوں سے روتے ہوئے مخاطب ہونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ مغربی طاقتوں کے ایما پر اسرائیل کے مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ پر فضائی حملے جاری ہیں۔ اسرائیلی حملوں میں تقریباً 11 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ ہسپتالوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اسرائیلی بمباری میں فلسطینی خاندان کے خاندان اجڑ گئے اور اب ایک ایسے ہی بزرگ فلسطینی کی دہائی دیتے ہوئے ویڈیو سامنے آئی ہے جس کے پوتے پوتیاں اسرائیلی جارحیت کا نشانہ بنے۔ بزرگ نے اپنے پوتے پوتیوں کی نعشوں پر کھڑے ہوکر روتے ہوئے کہا ہے کہ ’جب تمہاری نبی مہربان حضرت محمد مصطفیٰ سے ملاقات ہو تو کہنا کہ اے اللہ کے رسول آپ کی امت نے غزہ والوں کو ناکام کیا، اے اللہ کے رسول مسلمانوں نے ہمیں ناکام کیا۔ بزرگ دادا نے مزید کہا کہ میرے پوتے پوتیو‘ اللہ کے رسول تک یہ پیغام پہنچانا کہ آپ کی امت نے غزہ والوں کو ناکام کیا، اے اللہ کے رسول اس امت نے ہمیں ناکام کیا ہے، اے اللہ کے رسول ہمارے ٹکڑے ہوتے رہے اور آپ کی امت تماشا دیکھتی رہی۔