چیف جسٹس کا مقدمات کی طوالت پر 10 لاکھ روپے جرمانہ

Nov 11, 2023

 اسلام آ باد (آئی این پی ) چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس قاضی فائز عیسی نے مقدمات کو طوالت دینے پر درخواست گزار پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔ درخواست گزار جاوید حمید نے زمین ملکیت کیس میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا جس پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے ریمارکس دئیے اس کیس کو چودہ سال تک طوالت دی گئی، مقدمات کو جان بوجھ کر دیر تک چلانا وطیرہ بن گیا ہے، سالہا سال تک لوگوں کو ان کےحق سے محروم کیا جاتا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سارے عدالتی نظام کو تباہ کردیا گیا ہے، آہستہ آہستہ تمام معاملات کو بہتر کریں گے۔ عدالت عظمی کے مطابق درخواست گزار طویل عرصے تک زمین پر قابض رہا ، من گھڑت درخواستوں کے ذریعے عدالتوں کا وقت ضائع کیا جاتا ہے۔ بعدازاں، عدالت نے درخواست گزار پر دس لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

مزیدخبریں