پاکستان میں زراعت‘ معدنیات‘ توانائی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود:مسعود خان

Nov 11, 2023

 واشنگٹن (این این آئی)امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہی کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل ملک میں سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دے کر سرمایہ کاری کے ایک تخلیقی منظر نامے کی تشکیل کر رہی ہے،ایس آئی ایف سی کی جانب سیون ونڈو پلیٹ فارم اور تیز رفتار رجسٹریشن کے عمل کی پیشکش نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں کاروبار کرنا آسان بنا دیا ہے، سرمایہ کار مکمل اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری کریں اور پاکستان میں مختلف شعبوں میں موجود مواقعوں سے استفادہ حاصل کریں۔سفیر پاکستان مسعود خان نے ان خیالات کا اظہارپاکستان امریکن چیمبر آف کامرس، گیوینیٹ چیمبر آف کامرس جارجیا اور پاکستان چیمبر آف کامرس، یو ایس اے کے اراکین سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں امیزنگ انرجی سلوشنز کے سی ای او مسٹر سلمان اجانی، گیوینیٹ چیمبر آف کامرس جارجیا کی محترمہ انارا بابوانی، پاکستان چیمبر آف کامرس یو ایس اے کے صدر مسٹر عامر پپرانی سمیت وقار خان، چیئر، او پی ٹی وی گلوبل، جناب فواد اسماعیل، صدر بینکرز ایسوسی ایشن اور احمد چنائے، ڈائریکٹر پاکستان اسٹاک ایکسچینج، کراچی نے شرکت کی۔ملاقات میں پاکستان کے قونصل جنرلز اور چاروں قونصل خانوں کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔ یہ پہلی دفعہ ہوا ہے کہ امریکہ میں تمام چیمبرز آف کامرس پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔امریکہ بھر سے کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کاروباری عمل میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستانی نژاد امریکیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی مہارت کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ شعبہ جات میں سرمایہ کاری کریں۔مسعود خان نے کہا کہ سرمایہ کار پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو وسعت دیں اور پاکستانی کاروباری افق پر سرکردہ کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی امریکی پہلے ہی مختلف شعبوں میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔وقت آگیا ہے کہ آپ بھی اپنا نام بنائیں اور اپنا مقام حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی امریکی کمیونٹی مہمان نوازی، ہیلتھ ٹیک، ڈائیگناسٹیکس اور فن ٹیک جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہے۔

مزیدخبریں