برازیل سے تعلق رکھنے والی مشہور سوشل میڈیا انفلوئنسر اور ریئلیٹی ٹی وی اسٹار لوانا اینڈریڈ جسم سے چربی کم کروانے کی سرجری کے دوران ہلاک ہوگئیں۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 29 سالہ لوانا اینڈریڈ اپنے جسم کی زائد چربی کو کم کروانے کے لیے سا پالو کے ایک اسپتال میں لائپوسکشن (Liposuction) کروانے آئی تھیں، ان کی یہ سرجری تقریبا ڈھائی گھنٹوں پر مشتمل تھی۔ سرجری کے دوران ہی ٹی وی اسٹار لوانا اینڈریڈ کا دل بند ہوگیا جس کے بعد ڈاکٹرز نے سرجری وہیں روکی اور دل کے علاج کے لیے انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) متنقل کیا۔آئی سی یو میں منتقل ہونے کے بعد ڈاکٹرز نے لوانا اینڈریڈ کے دل کا علاج شروع کیا لیکن بدقسمتی سے وہ جانبر نہ ہوسکیں اور ان کی موت واقع ہوگئی۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ لوانا اینڈریڈ کو بیک وقت دل کے 4 دورے پڑے تھے جس کے نتیجے میں دل سے پھیپھڑوں تک خون پہنچانے والی شریانوں میں خون کے لوتھڑے جم گئے تھے اور اسی وجہ سے ان کی موت ہوئی۔
لوانا اینڈریڈ ایک مقبول سوشل میڈیا شخصیت تھیں جن کے انسٹاگرام پر لاکھوں فالوورز تھے، انہوں نے اپنے بوائے فرینڈ کے ہمراہ برازیل کے ریئلیٹی شو پاور کپل کے چھٹے سیزن میں بطورِ امیدوار شرکت کی تھی۔