کی محمد ؐسے وفا تو نے تو ہم تیرے ہیں(۱)

اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے جن کا جتنا بھی شکر بجا لایا جائے کم ہے لیکن ان تمام نعمتوں میں سب سے بڑی نعمت عشق مصطفیﷺ ہے اور اللہ تعالیٰ جسے چاہتا ہے یہ عظیم نعمت عطا فرماتا ہے ۔ حضور نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا تم میں سے کوئی شخص اس وقت تک مومن نہیں ہو سکتا جب تک وہ اپنے والدین ، اولاد اور تمام انسانوں سے بڑھ کر مجھ سے محبت نہ کرے ۔ (بخاری ، مسلم ) 
کائنات میں بہت سے عاشقان مصطفیﷺ گزرے ہیں لیکن صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا عشق ایسا کہ جس کی مثال دنیا میںنہیں ملتی۔ انھوں نے اپنا مال ، جان اور اولادسب کچھ آپؐ پہ قربان کر دیا ۔ بہت ساری تکلیفیں اٹھائیں لیکن دامن مصطفی ﷺ کو نہیں چھوڑا۔
حضرت عمار بن یاسر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو اور آپؓ کے خاندان کو کفار نے بہت تکالیف دیں ۔ گرمی کے موسم میں تپتی ریت پر لٹا دیتے ۔ جسم پر دہکتے ہوئے کوئلے رکھے جاتے پانی میں غوطے دیے جاتے لیکن ان تمام تکالیف کے باوجود آپؓ اور آپؓ کے خاندان نے عشق مصطفیﷺ کا دامن نہ چھوڑا ۔ حضرت عمار ؓ کی والدہ کو کفار نے نہایت بُری طرح نیزے کے ساتھ شہید کر دیا ۔ تاریخ اسلام کی یہ پہلی دردناک شہادت تھی ۔ آپؓ کے والد اور بھائی کو بھی اسی طرح اذیتیں دے دے کر شہید کر دیا گیا ۔ 
ایک مرتبہ کفار نے حضرت عمار ؓ کو دہکتے کوئلوں پر لٹایا تو وہاں سے آپؐ کا گزر ہوا آپ نے اپنا دست مبارک حضرت عمار یاسرؓ کے سر پر پھیر ا اور فرمایا، اے آگ، تو ابراہیم علیہ السلام کی طرح عمار پر بھی سلامتی والی ہو جا ۔ جب آپؐ آپؓکے گھر کی طرف سے گزرتے تو آپؓ کے خاندان والوں کو تکالیف میں مبتلا دیکھ کر فرماتے، اے آلِ عمارؓ، تمھیں بشارت ہو جنت تمھاری منتظر ہے ۔ 
حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہر وقت نبی کریمﷺ کے در اقدس میں سر جھکائے حاضر رہتے تھے ۔ ایک مرتبہ آپؓ بڑی توجہ کے ساتھ حضور نبی کریمﷺ کے ارشادات سن رہے تھے کہ آپؐ نے حضرت معاذؓ کا بازو پکڑ لیا اور ارشاد فرمایا، میں تم سے محبت رکھتا ہوں ۔ حضرت معاذؓ نے نہایت خوشی کے عالم میں عرض کی، یارسو ل اللہﷺ، میرے ماں باپ آپؐ پر قربان میں بھی آپؐ سے بہت زیادہ محبت کرتا ہوں اور دنیا کی ہر شے سے بڑھ کر آپؐ سے محبت کرتا ہوں۔ آپؐ نے مسکر اکر فرمایا نمازوں کے بعد یہ دعا پڑھنا نہ بھولنا، ’اے اللہ، اپنا ذکر ، شکر اور اپنی عبادت اچھی طرح کرنے کے لیے میری مدد فرما‘۔ 

ای پیپر دی نیشن