لاہور(سپورٹس رپورٹر)محمد آصف آئی بی ایس ایف ورلڈ سنوکر چیمپئن کا ٹائٹل جیتنے کے بعد قطر سے وطن واپس پہنچ گئے۔کراچی ایئرپورٹ پر پی بی ایس اے کے عہدیداران نے ان کا استقبال کیا تاہم صوبائی یا وفاقی حکومت کا کوئی نمائندہ آصف کے استقبال کیلئے ایئر پورٹ پر موجود نہ تھا۔ محمد آصف کا ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مجھے پی بی ایس اے نے بہت سپورٹ کیا۔ ٹورنامنٹ کے آغاز میں تھوڑی مشکل ہوئی مگر بعد میں بھرپور فارم میں آ گیا۔انہوں نے کہا جانے سے پہلے پی بی ایس اے کے چیئرمین عالمگیر شیخ نے تیسری بار ٹائٹل کی خواہش ظاہر کی تھی۔ ٹورنامنٹ میں قطر کے احمد سیف سے میچ مجھے مشکل لگا۔ آصف نے شکوہ کیا کہ مجھے افسوس ہے ایئرپورٹ پر کوئی حکومتی نمائندہ مجھے لینے نہیں پہنچا، اگر ورلڈ چیمپئنز کے ساتھ ایسا رویہ ہوگا تو نئے پلیئرز کیسے متاثر ہونگے۔ یہ رویہ ٹھیک نہیں ہے۔حکومت چیمپئنز پلیئرز کی ٹھیک طرح حوصلہ افزائی کرے۔ بطور پلیئر میرا کام ہے گیم پر فوکس کرنا اور وہ میں ہمیشہ کروں گا۔ میرا کام پاکستان کیلئے میڈل جیتنا تھا، وہ جیتا اب حکومت انعام پر نظر ثانی کرے۔ تیسرا ورلڈ ٹائٹل جیتنے کے بعد اب پہلے سے زیادہ پر اعتماد ہوں۔ کوشش کروں گا کہ چوتھا ورلڈ ٹائٹل بھی پاکستان کو دلاؤں اور ایک منفرد ریکارڈ بناؤں۔
سنوکر ورلڈ چیمپئن محمد آصف وطن پہنچ گئے،شانداراستقبال،کوئی حکومتی نمائندہ نہ آیا
Nov 11, 2024