لاہور(سپورٹس رپورٹر) تھل جیپ ریلی کے فائنل راؤنڈ پری پیئرڈ کیٹیگری کے مقابلے بھی اختتام پذیر ہوگئے۔ معروف ریسر آصف فضل چوہدری نے سب سے کم وقت میں فاصلہ طے کیا۔ تھل جیپ ریلی میں آخری گزشتہ روز شدید سموگ کے باعث ٹریک پر حدنگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث پری پیئرڈ کیٹیگری کے مقابلے 4 گھنٹے 40 منٹ کی تاخیر سے ہوئے۔ 200 کلومیٹر کا ٹریک کم کر کے 30 کلومیٹر تک محدود کرنا پڑا۔ریلی شروع ہوئی تو معروف ریسر نادر مگسی سب سے پہلے ٹریک پر روانہ ہوئے، پری پیئرڈ کیٹیگری میں 3 خواتین سمیت 34 ریسرز نے حصہ لیا۔کوالیفائنگ راؤنڈ میں گاڑی الٹنے کے باعث معمولی زخمی ہونیوالے غیرملکی ریسر آصف علی بھی پری پیئرڈ کیٹیگری کے مقابلے میں شریک ہوئے۔پری پیئرڈ کیٹیگری کے غیرحتمی نتائج کے مطابق آصف فضل چوہدری نے سب سے کم 18 منٹ 3 سیکنڈز میں 30 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔فیصل شادی خیل 18 منٹ 12 سیکنڈز میں فاصلہ طے کرتے ہوئے دوسرے نمبر پر رہے۔ معروف ڈرائیور صاحبزادہ سلطان 18 منٹ 16 سیکنڈز میں فاصلہ طے کرکے تیسرے نمبر پر آئے۔