کوئٹہ میں دہشت گردی کا واقعہ صوبائی حکومت کی نااہلی ہے:کفیل بخاری 

لاہور (خصوصی نامہ نگار ) مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی امیر سید محمد کفیل بخاری، نائب امیر عبداللطیف خالد چیمہ، میاں محمد اویس، جنرل سیکرٹری مولانا محمد مغیرہ، ناظم اطلاعات ڈاکٹر عمر فاروق احرار اور ناظم تبلیغ مولانا سید عطاء المنان بخاری نے ریلوے اسٹیشن کوئٹہ کے دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے صوبائی حکومت کی نااہلی سے تعبیر کیا ہے۔ انہوں نے بے گناہ مسافروں کے جان بحق اور زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا مرکزی اور صوبائی حکومتوں کا تحقیقات کا دائرہ وسیع کر کے بروقت مجرموں کو بے نقاب کرنا، مزید دہشت گردانہ کارروائیوں کو روکنے کا باعث بنے گا۔احرار رہنماؤں نے کہا کہ ہم دکھ کے ان لمحات میں پسماندگان کے ساتھ برابر شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی زخمیوں کوجلد صحت یاب کرے۔

ای پیپر دی نیشن